یہودی آباد کاروں کی طرف سے کل جمعرات کو مسلمانوں کے قبلہ اول میں اجتماعی دھاووں کے اعلان کے بعد فلسطینی مذہبی جماعتوں نے القدس کے باشندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مسجد اقصیٰ میں جمعرات کو اعتکاف کریں تاکہ یہودی غنڈی گردی کا روکا جا سکے۔
خیال رہے کہ مسجد اقصیٰ کی جگہ مزعومہ ہیکل سلیمانی کےقیام کے دعوے دار یہودی گروپوں کے اتحاد نے کل جمعرات کو یہودی آباد کاروں سے مسجد اقصیٰ میں جمع ہونے اور تلمودی رسومات ادا کرنے کی اپیل کی ہے جس کے بعد فلسطینی شہری بھی اپنے مقدس مقام کے تحفظ کے لیے حرکت میں آگئے ہیں۔
فلسطینی مذہبی جماعتوں اور سرکردہ شخصیات نےے الگ الگ بیانات میں بیت المقدس کے باشندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مسجد اقصیٰ میں جمع ہوں اور مقدس مقام کا تحفظ یقینی بنائیں۔ اس مقصد کے لیے القدس کے باشندوں سے کہا گیا ہے کہ وہ قبلہ اول میں اعتکاف کریں اور اپنی موجودگی کو یقیی بنائیں تاکہ ناپاک صہیونی مجرموں کے مکروہ عزائم ناکام بنائے جائیں۔
یاد رہے کہ یہودی آباد کار جمعہ اور ہفتہ کے ایام کے علاوہ ہفتے کے دیگر دنوں میں مسجد اقصیٰ پر اجتماعی دھاوے بولتے ہیں اور وہاں پرجمع ہو کر تلمودی تعلیمات کے مطابق مذہبی رسومات ادا کرتے اور مسلمانوں کو مشتعل کرنے کے لیے دیگر متنازع رسمیں انجام دیتے ہیں۔ یہودی آباد کاروں کے ان مکروہ عزائم میں انہیں اسرائیلی پولیس اور فوج کی طرف سے فول پروف سکیورٹی فراہم کی جاتی ہے۔