کراچی (مرکز اطلاعات فلسطین فاونڈیشن) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی سرپرست کمیٹی کا اجلاس بدھ کے روز منعقد ہوا اجلاس میں سرپرست اراکین بشمول جماعت اسلامی کے نائب امیر مسلم پرویز، جمعیت علماء پاکستان کے صدر علامہ قاضی احمد نورانی، پاکستان مسلم لیگ نواز کے پیرزادہ ازہر علی شاہ ہمدانی، پاکستان تحریک انصاف کے اسرار عباسی، سابق رکن سندھ اسمبلی و رہنما بحالی کمیٹی ایم کیو ایم میجر (ر) قمر عباس، معروف کشمیری رہنما بشیر سدوزئی اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم سمیت ورکنگ کمیٹی کے اراکین بشمول قاسم خان، محمد حیدر، علی رضا شریک ہوئے ۔
اجلاس میں اراکین نے ملک بھر میں فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے اعلان کیا کہ ملک بھر کے تمام بڑے شہروں میں فلسطین کنونشن کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ عوامی آگہی کے لئے رابطہ مہم کا آغاز کیا جائے گا۔
اس موقع پر رہنماؤں نے معروف بزرگ کشمیری رہنما سید علی گیلانی کی جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی پہلی برسی کی مناسبت سے فاتحہ خوانی بھی کی۔
اجلاس میں آزادی فلسطین کی جدوجہد میں مصروف عمل استقامتی تحریکوں حماس، جہاد اسلامی، حزب اللہ، القسام بریگیڈ اور القدس بریگیڈ کی مکمل حمایت کرتے ہوئے گذشتہ دنوں اسرائیلی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر استقامتی تحریکوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور فلسطینی قوم کو غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کے مقابلہ میں کامیابی پر مبارک باد پیش کی گئی۔