مقبوضہ بیت المقدس(مرکزاطلاعات فلسطین فاوؑنڈیشن) اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] نے کہا ہے کہ صیہونی قابض افواج کا فلسطینی نمازیوں پر حملہ اور انہیں مسلسل تیرہویں جمعہ کو مسجد اقصیٰ تک پہنچنے سے روکنا نازیوں کا من مانی رویہ اور مقدسات اور آزادی عبادات پر کھلا حملہ ہے۔
ایک بیان میں حماس نے اسلامی تعاون تنظیم اور عرب لیگ سے مطالبہ کیا کہ وہ یروشلم اور مسجد اقصیٰ کو یہودیت کے خطرے سے بچانے اور ہمارے اسلامی اور عیسائی مقدسات کے خلاف قابض دشمن کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے اپنی ذمہ داری ادا کریں۔
اسرائیلی قابض فوج نے 7 اکتوبر کو غزہ کی پٹی پر اسرائیلی جنگ کے آغاز کے بعد سے مسلسل 13ویں ہفتے بھی نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے مسجد اقصیٰ میں نمازیوں کے داخلے پر سخت پابندیاں عائد کیں۔
یروشلم میں اسلامی اوقاف کے محکمے کے ایک اہلکار نے کہا کہ صرف 15,000 نمازیوں نے کل جمعہ کو مسجد اقصیٰ میں نماز جمعہ ادا کی۔
اسرائیلی پولیس نے 7 اکتوبر کو جنگ کے آغاز کے بعد سے ہی مسجد اقصیٰ میں نمازیوں کے داخلے پر پابندیاں عائد کر رکھی ہیں تاہم جمعہ کے روز پابندیوں کو مزید سخت کر دیا ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ قابض فوج نے صرف بزرگوں کو ہی نماز ادا کرنے کے لیے مسجد میں داخل ہونے کی اجازت دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے باب الاسباط اور باب الساھرہ میں نمازیوں کو مسجد اقصیٰ تک جانے سے روکنے کے بعد ان پر حملہ کیا۔
مقبوضہ بیت المقدس میں بڑی تعداد میں صہیونی فوجیں تعینات ہیں۔ پرانے شہر کے داخلی راستوں اور مسجد اقصیٰ کے بیرونی دروازوں پر رکاوٹیں کھڑی کر کے انہیں بند کردیا گیا ہے۔
غزہ کی پٹی کے حکام کے مطابق اسرائیل 7 اکتوبر سے غزہ پر تباہ کن جنگ مسلط کیے ہوئے ہے۔اس جارحیت میں اب تک 22,000 سے زائد فلسطینی شہید 57,000 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔