نابلس (مرکزاطلاعات فلسطین فاوؑنڈیشن)پیرکی صبح اسرائیلی قابض فوج نے شہید معاذ المصری کے گھر کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا معاذ نے گذشتہ سال وادی اردن کی ایک مزاحمتی کارروائی میں حصہ لیا تھا جس میں متعدد صہیونی ہلاک اور زخمی ہوگئے تھے۔
ایک مقامی ذریعے نے اطلاع دی ہے کہ قابض فوج نے نابلس شہر پر کئی سمتوں سے دھاوا بولا، تل سٹریٹ پر المصری بلڈنگ کو گھیرے میں لے لیا اور المخفیہ محلے کے اطراف کی گلیوں میں موجود گھروں کی چھتوں پر چڑھ کر پوزیشنیں سنھبال لیں۔
ذرائع کے مطابق قابض فورسز نے عمارت کے مکینوں کو وہاں سے نکلنے پر مجبور کیا۔ قابض فوج کی انجینئرنگ ٹیموں نے مصری شہید کے اپارٹمنٹ کے اندر دھماکہ خیز مواد نصب کرنا شروع کیا اور پھر اسے دھماکہ سے اڑا دیا۔
اس موقعے پر علاقے میں شدید جھڑپیں اور تصادم شروع ہوا اور قابض فورسز نے احتجاج کرنے والے شہریوں پر براہ راست گولیاں، صوتی بم اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں 15 سے زائد افراد آنسوگیس کے نتیجے میں دم گھٹنے سے بےہوش ہوگئے۔
شہید معاذ المصری اور ان کے ساتھی شہید حسن قطنانی نے 7 اپریل 2023 کو شمالی وادی اردن کے علاقے حمرہ میں فائرنگ کی جس کے نتیجے میں تین اسرائیلی آباد کار ہلاک ہوگئے تھے۔