(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی رہنماؤں بشمول سابق رکن قومی اسمبلی و نائب امیر جماعت اسلامی کراچی مظفر احمد ہاشمی، جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما اور ترجمان وفاقی وزیر مملکت برائے مذہبی امورپیرزادہ ازہر علی شاہ ہمدانی، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما مولانا باقر زیدی،پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسرار عباسی،چرچ آف پاکستان کے بشپ صادق ڈینیئل ،آل پاکستان سنی تحریک کے سربراہ مطلوب اعوان قادری، پاکستان عوامی تحریک کے رہنما قیصر اقبال قادری،سابق مشیر برائے حکومت پاکستان ڈاکٹر عالیہ امام، تنظیم الاخوان کے لئیق احمد، تحریک محبان اولیاء کے سربراہ آصف مصطفائی، جعفریہ الائنس پاکستان کے مرکزی رہنما سید شبر رضااور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ابو مریم نے کراچی پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ رمضان المبارک کے آخری جمعہ یعنی جمعۃ الوداع کو قبلہ اوّل کی بازیابی کے عنوان سے سرکاری سطح پر یوم القدس قرار دیا جائے اور مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں تقریبات کا انعقاد یقینی بنایا جائے۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے رہنماؤں نے ماہ رمضان المبارک میں القدس یکجہتی مہم بعنوان یا قدس! ہم آ رہے ہیں منانے کا اعلان کیا اور کہا کہ اس مہم کے تحت ملک بھر بشمول کراچی، اسلام آباد، لاہور، کوئٹہ، ملتان، حیدرآباد، سکھر سمیت مختلف شہروں میں قبلہ اوّل کی بازیابی اور فلسطینی مظلوموں کی حمایت میں سیمینار اور کانفرنسز منعقد کی جائیں گی جس میں پاکستان کی سیاسی ومذہبی جماعتوں کے قائدین خطاب کریں گے جبکہ کراچی میں 29 جون کو پریس کلب کے باہرمظلوم فلسطینیوں کی حمایت اور قبلہ اوّل (بیت المقدس) کی بازیابی کے لئے احتجاجی مظاہرہ اور یکم جولائی بمطابق 25رمضان المبارک کو ایم اے جناح روڈ پر فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے صیہونی مظالم پر تصویری نمائش کا انعقاد کیا جائے گا۔