مقبوضہ بیت المقدس (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) فلسطین کے نائب صدر حسین الشيخ نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ اسرائیل میں قائم ہونے والی آئندہ حکومت عالمی معاہدوں کا احترام کرے گی ۔ ’’ العربیہ ‘‘ کو انٹرویومیں فلسطینی نائب صدر نے کہا کہ ہم اپنے عوام کے حقوق کا احترام کرنے والی کسی بھی اسرائیلی حکومت کے ساتھ کام کرنے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
فلسطینی انتخابات کے حوالے سے حسین الشيخ نے وضاحت کی کہ انہیں ملتوی کرنے کا فیصلہ فلسطینی دھڑوں کا ایک اجتماعی فیصلہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی قیادت نے انتخابی عمل کے انعقاد کے لیے ضروری سیاسی اورزمینی حالات سازگار بنانے کے لیے اسرائیل پر بین الاقوامی دباؤ ڈالنے کا مطالبہ کیا ہے۔فلسطینی نائب صدر نے کہا کہ مملکتِ سعودی عرب فلسطینی عوام کی حمایت میں اپنے موقف کی قیمت ادا کر رہی ہے۔
یہ بیانات ان اطلاعات کے بعد سامنے آئے ہیں جب فلسطینی اتھارٹی نے رواں ماہ کے آخر میں ہونے والے قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا جس کی وجہ اس نے موجودہ سیاسی، سکیورٹی اور اقتصادی حالات کے پیشِ نظر ان کے انعقاد کی راہ میں حائل بنیادی رکاوٹوں کو قرار دیا۔ ’’ العربیہ ‘‘ کے مطابق فلسطینی دھڑوں نے قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کو ایک سال کے لیے ملتوی اور فلسطینی قومی کونسل کی انتخابی باڈیز کے نتائج کو منسوخ کرنے پر اتفاق کیا ہے۔واضح رہے آخری فلسطینی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 2006 میں ہوئے تھے اور ان کے نتیجے میں فلسطینی سیاسی جماعتوں کے درمیان اختلافات شدت اختیار کر گئے تھے۔