کراچی (مرکزاطلاعات فلسطین فاوؑنڈیشن) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے کہا ہے کہ مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کرنا معاشرے کے ہر انسان کی ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقراء یونیورسٹی میں منعقد سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار کا انعقاد ہیومن رائٹس کونسل آف پاکستان کی جانب سے کیا گیا تھا جس میں طلباء و طالبات کی بڑی تعداد شریک تھی۔
ڈاکٹر صابر ابو مریم کاکہنا تھا کہ فلسطینی عوام اپنی ذمہ داری انجام دے رہے ہیں۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم انسان ہونے کے ناطے اپنی انسانیت کا ثبوت دیں۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ اور اسرائیل فلسطین کے مظلوم عوام کی منظم نسل کشی کر رہے ہیں اور دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ فلسطین کاز کے لئے آگے بڑھ کر ہر میدان میں آواز اٹھائیں۔
اس موقع پر انہوں نے سات اکتوبر سے شروع ہونے والے آپریشن طوفان اقصیٰ کی کامیابیوں اور امریکہ اور اسرائیل کی شکست اور ناکامیوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ بعد ازاں شہدائے فلسطین کے لئے چراغاں بھی کیا گیا۔ تقریب میں جمشید حسین، کرامت علی، انوشہ علی، شایان ستی سمیت دیگربھی شریک تھے۔