اسلام آباد (مرکز اطلات فلسطین فاؤنڈیشن) صدر مملکت آصف علی زرداری نے فلسطینی عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان فلسطین کی سیاسی، سفارتی، انسانی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا اور فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کے حصول کیلئے ان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا رہے گا۔
صدر مملکت نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کا منصفانہ حل 1967ء سے قبل کی سرحدوں کے مطابق ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ہے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔ انہوں نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن اسرائیلی قبضے کے مکمل خاتمے کے بغیر ممکن نہیں۔
آصف علی زرداری نے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی، اشیائے ضروریہ کی شدید قلت اور مغربی کنارے کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام کے مصائب عالمی برادری کی ناکامی کا بھی مظہر ہیں۔ ان کے مطابق غیر قانونی بستیوں کی توسیع اور الحاق کی کوششوں نے خطے میں امن کے امکانات کو نقصان پہنچایا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ فلسطین کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی ہماری قومی شناخت کی بنیادوں میں پیوست ہے۔ قائداعظم محمد علی جناح نے بھی فلسطینی عوام کے مطالبات کی بھرپور حمایت کی تھی اور پاکستان کی فلسطین کے ساتھ وابستگی قیامِ پاکستان سے بھی پہلے کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ بین الاقوامی فورمز پر فلسطینی عوام کے حقوق کے حق میں آواز بلند کی ہے اور ان کی امنگوں کے مطابق مسئلے کے پُرامن تصفیے کی وکالت جاری رکھے گا۔ پاکستان فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی حمایت اور ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کیلئے اپنی سفارتی اور اخلاقی کوششیں جاری رکھے گا۔