کراچی (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) کراچی پریس کلب کے نو منتخب نائب صدر ارشاد کھوکھر نے کہا ہے کہ کراچی پریس کلب مسئلہ فلسطین اور کشمیر کو قومی کاز سمجھتا ہے او ر صحافی برادری ہمیشہ فلسطین کا ز کی حمایت جاری رکھے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب میں فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے وفد کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے وفد نےجماعت اسلامی کے نائب امیر اور فلسطین فاؤنڈیشن کی سرپرست کمیٹی کے رکن مسلم پرویز کی قیادت میں کراچی پریس کلب کے نو منتخب عہدیداروں اور اراکین کے ساتھ ملاقات کی اور انہیں حالیہ انتخابات میں کامیاب ہونے پر مبارک باد دیتے ہوئے گلدستہ اور مٹھائی پیش کی۔ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے وفد میں سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم، سابق رکن سندھ اسمبلی محفوظ یار خان ایڈوکیٹ، پاکستان پیپلز پارٹی کے ارشد نقوی ایڈوکیٹ، پاکستا ن مسلم لیگ نواز کے پیر ازہر علی ہمدانی،کشمیری رہنما بشیر خان سدوزئی، مفتی معاذ نظامی، نسیم شاہ، قاضی زاہدحسین اور آل پاکستان تاجر ایسوسی ایشن کے صدر ثاقب نوشاہی اور دیگر موجود تھے جبکہ کراچی پریس کلب کے جوائنٹ سیکرٹری منصف احمد، کفیل احمد، مونا صدیقی اور دیگر بھی موجود تھے۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے وفد کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کراچی پریس کلب کے نو منتخب اراکین کا کہنا تھا کہ مظلوم فلسطینیوں کے لئے آوازاٹھانا ہماری ذمہ داری ہے ، ان کاکہنا تھا کہ غزہ میں جاری جارحیت پر عالم اسلام کے حکمرانوں کی مجرمانہ خاموشی کی مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین وکشمیر کاز کے لئے مشترکہ اور موثر آواز اٹھاتے رہیں گے۔ کراچی پریس کلب کے اراکین نے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے قیام اور مسلسل جدوجہد کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پر فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے کراچی پریس کلب کے اراکین کو مبارک باد پیش کی اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔