Connect with us

اسرائیل کی تباہی میں اتنا وقت باقی ہے

  • دن
  • گھنٹے
  • منٹ
  • سیکنڈز

عالمی خبریں

ناصر میڈیکل کمپلیکس کی بمباری پر بین الاقوامی مذمت، ہسپتالوں کی سلامتی یقینی بنانے کا مطالبہ

خان یونس – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) جنوبی غزہ کی پٹی کے شہر خان یونس میں واقع ناصر میڈیکل کمپلیکس کو نشانہ بنانے والی حالیہ قابض اسرائیلی بمباری نے بین الاقوامی مذمت کی ایک لہر کو جنم دیا ہے۔ اس دوران طبی مراکز، طبی عملے اور مریضوں کو مسلسل نشانہ بنائے جانے کے خطرات پر شدید انتباہ جاری کیا گیا ہے اور اسے بین الاقوامی انسانی قانون کے قواعد کی خلاف ورزی نیز طبی خدمات فراہم کرنے کی شعبہ صحت کی بچ جانے والی صلاحیت کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا گیا ہے۔

یہ ردعمل اقوام متحدہ، عالمی ادارہ صحت، ڈاکٹرز ودآؤٹ بارڈرز اور اسلامی تعاون تنظیم کے ساتھ ساتھ قطر، مصر، اردن، اسپین اور ترکیہ کی حکومتوں کی جانب سے سامنے آیا ہے جنہوں نے حملوں کو روکنے، طبی مراکز کا تحفظ یقینی بنانے اور انہیں نشانہ بنانے کے ذمہ داروں کے احتساب کا مطالبہ کیا ہے۔

یہ مذمتی بیانات بدھ اور جمعرات 12 نومبر کی درمیانی شب نصف شب کے بعد میڈیکل کمپلیکس کی جراحی کی عمارت کو نشانہ بنانے والے حملے کے بعد سامنے آئے جس کے نتیجے میں غزہ کی پٹی کی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق طبی عملے، مریضوں اور تیمارداروں میں سے ڈاکٹر رزق ابو شعیرہ سمیت چھ فلسطینی شہید ہو گئے۔

وزارت صحت نے اس بات پر زور دیا کہ یہ حملہ ان بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی کھلی خلاف ورزی ہے جو طبی اداروں، ان میں کام کرنے والے عملے اور مریضوں کے تحفظ کی ضمانت دیتے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت: طبی مراکز زندگی کی شہ رگ ہیں

عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہانوم گیبریسس نے ناصر میڈیکل کمپلیکس کو نشانہ بنائے جانے کے نتائج سے خبردار کرتے ہوئے طبی مراکز کے تحفظ، ان کے کام کے تسلسل کو یقینی بنانے اور غزہ کی پٹی میں بغیر کسی رکاوٹ کے طبی امداد داخل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ بمباری سے شعبہ جراحی، آپریشن تھیٹرز، بحالی کے یونٹ اور انتہائی نگہداشت کے شعبے کو نقصان پہنچا ہے جس سے کمپلیکس کی اپنی خدمات جاری رکھنے کی صلاحیت خطرے میں پڑ گئی ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ تنظیم نے اکتوبر سنہ 2023ء سے اب تک غزہ میں صحت کے مراکز پر تقریباً 1056 حملوں کا اندراج کیا ہے جن کے نتیجے میں 1010 افراد شہید اور 1725 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

ڈاکٹرز ودآؤٹ بارڈرز: مریضوں اور ڈاکٹروں کو نشانہ بنانا معمول نہیں بن سکتا

دوسری جانب ڈاکٹرز ودآؤٹ بارڈرز نامی تنظیم نے بمباری پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے نشاندہی کی کہ یہ حملہ بغیر کسی پیشگی انتباہ کے کیا گیا اور اس سے اندرونی مریضوں کے وارڈ، ایمرجنسی، ایکسرے، لیبارٹری اور آپریشن کے شعبوں کو وسیع نقصان پہنچا ہے۔

تنظیم نے اس بات پر زور دیا کہ ناصر کمپلیکس جنوبی غزہ کی پٹی کا مرکزی حوالہ جاتی ہسپتال ہے اور تقریباً 1.3 ملین افراد کو بنیادی طبی خدمات فراہم کرتا ہے۔ تنظیم نے خبردار کیا کہ اس کے شعبوں کی معطلی سے مریضوں اور زخمیوں کی تکالیف میں مزید اضافہ ہو گا۔

تنظیم نے اس بات کی طرف بھی توجہ دلائی کہ اکتوبر سنہ 2023ء سے اب تک اس کمپلیکس کو کم از کم چھ فضائی حملوں کے علاوہ زمینی دراندازیوں، گولہ باری اور بار بار فائرنگ کا نشانہ بنایا جا چکا ہے۔ تنظیم نے عالمی رہنماؤں سے مطالبہ کیا کہ وہ طبی اداروں کے تحفظ اور سزا سے استثنیٰ روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات کریں۔

اقوام متحدہ: حملے جنگ بندی کو سبوتاژ کر رہے ہیں

اقوام متحدہ نے اس حملے پر تشویش کا اظہار کیا اور سیکریٹری جنرل کے نائب ترجمان فرحان حق نے کہا کہ بڑھتے ہوئے فوجی حملے غزہ میں نازک جنگ بندی کو کمزور کر رہے ہیں۔

عالمی ادارے نے طبی مراکز کے تحفظ اور انہیں نشانہ نہ بنانے کی ضرورت پر زور دیا جبکہ فرحان حق نے اشارہ کیا کہ محض مذمت کی اصطلاح کا زیادہ استعمال لڑائی روکنے کے لیے کافی نہیں ہو گا جو زبانی بیانات اور حملوں کو روکنے کی صلاحیت کے درمیان پائے جانے والے خلا کی عکاسی کرتا ہے۔

عرب اور بین الاقوامی مذمت

اسلامی تعاون تنظیم نے میڈیکل کمپلیکس پر بمباری کی مذمت کرتے ہوئے طبی ادارے کو نشانہ بنانے کو ایک جنگی جرم قرار دیا جو تحقیقات اور احتساب کا متقاضی ہے۔ تنظیم نے فلسطینیوں کو بین الاقوامی تحفظ فراہم کرنے اور امداد کی روانی یقینی بنانے کی اپیل کی۔

دوحہ میں قطری وزارت خارجہ نے اس حملے کو ایک وحشیانہ جرم اور بین الاقوامی انسانی قانون کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے متحرک ہونے اور ذمہ داروں کا احتساب کرنے کا مطالبہ کیا۔

مصر نے بمباری کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی اور جنگ بندی کو مستحکم کرنے کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کے مترادف قرار دیا اور قابض اسرائیلی خلاف ورزیاں بند کرنے نیز شہریوں و طبی مراکز کے تحفظ کی پاسداری کرنے کی اپیل کی۔

اسی تناظر میں اردن نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے قابض افواج کو جارحیت روکنے کا پابند بنانے، شہریوں و طبی عملے کو تحفظ فراہم کرنے اور کافی و پائیدار انداز میں انسانی امداد کے داخلے کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

یورپی سطح پر اسپین نے اس بات کی تصدیق کی کہ ہسپتال پر بمباری بین الاقوامی انسانی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ اسپین نے اس بات پر زور دیا کہ طبی اداروں کو فوجی اہداف تصور نہیں کیا جا سکتا اور فوری طور پر انسانی امداد داخل کرنے کا مطالبہ کیا۔

ترکیہ نے بھی حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا اور عالمی برادری سے فلسطینیوں کے تحفظ اور حملوں کا تسلسل روکنے کے لیے عملی اقدامات کرنے کی اپیل کی۔

فلسطینی سطح پر وزارت خارجہ و تارکین وطن نے حملے کے ذمہ داروں کے احتساب کا مطالبہ کیا اور امریکی انتظامیہ و عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ قابض اسرائیل پر دباؤ ڈالیں تاکہ وہ اپنی جارحیت بند کرے اور گزرگاہیں کھولنے نیز طبی و انسانی امداد کی روانی کو یقینی بنائے۔

مذمت سے احتساب تک

یہ موقف بین الاقوامی انسانی قانون کے قواعد اور بالخصوص سنہ 1949ء کے چوتھے جنیوا کنونشن پر مبنی ہیں جس کی شق 18 میں شہری ہسپتالوں کے احترام اور تحفظ کو لازم قرار دیا گیا ہے اور ان پر حملہ کرنے کی ممانعت کی گئی ہے۔

شق 19 مخصوص حالات میں کسی ہسپتال کے خصوصی تحفظ کے ختم ہونے کی اجازت اس صورت میں دیتی ہے جب اسے دشمن کے خلاف نقصان دہ کارروائیوں میں استعمال کیا جائے اور مناسب انتباہ جاری کرنے کے باوجود کوئی نتیجہ نہ نکلے تاہم اس صورت میں بھی امتیاز، تناسب اور احتیاطی تدابیر کے قواعد کا اطلاق واجب رہتا ہے۔

مذمتی بیانات کی کثرت ناصر میڈیکل کمپلیکس کو نشانہ بنائے جانے پر بڑھتے ہوئے بین الاقوامی اعتراض کو بے نقاب کرتی ہے لیکن اس کے ساتھ ہی یہ ایک بنیادی سوال بھی اٹھاتی ہے کہ اگر سیاسی بیانات ایسے عملی اقدامات میں تبدیل نہ ہوئے جو ہسپتالوں اور طبی عملے کے تحفظ کی ضمانت دیں، حملے کے محرکات کی آزادانہ تحقیقات شروع کریں اور قانونی ذمہ داریوں کا تعین کریں تو ان بیانات کی کیا افادیت رہ جائے گی۔

Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Copyright © 2018 PLF Pakistan. Designed & Maintained By: Creative Hub Pakistan