غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) انٹرنیشنل آرگنائزیشن ’ڈاکٹرز بلا حدود‘ (ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈر) نے بیان دیا ہے کہ قابض اسرائیل غزہ میں اپنی نسل کشی کی جنگ جاری رکھے ہوئے ہے، اور مسلسل بڑھتے ہوئے تشدد اور انسانی و طبی حالات کے اَبتر ہونے کے سائے میں فلسطینیوں کی بقا کے لیے درکار بنیادی حالات کو باقاعدہ تباہ کر رہا ہے۔
تنظیم نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ اسرائیل غزہ کی پٹی پر بتدریج شکنجہ کستا جا رہا ہے اور اپنی نسل کشی کا سلسلہ روکے ہوئے نہیں ہے، اس نے متنبہ کیا کہ فلسطینیوں کے لیے رہنے کے قابل زمین سکی چلی جا رہی ہے، جبکہ ان کی بقا کے تمام ذرائع کو منظم طریقے سے مسمار کیا جا رہا ہے۔
بیان میں بتایا گیا کہ جاری تشدد، بنیادی ضروریات زندگی پر مسلط کردہ ناکہ بندی، اور صحت کی سہولیات و انتہائی اہم بنیادی ڈھانچے کی تباہی نے مل جل کر قطاع کے اندر زندگی کے حالات کو بالکل مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔
تنظیم کے مطابق، گزشتہ ایک سال کے دوران غزہ کے باسیوں پر نافذ کردہ جسمانی ناکہ بندی اس وقت اور زیادہ سخت ہو گئی جب اسرائیل نے نام نہاد ’یلو لکیر‘ قائم کر دی، جسے شروع میں پہلے مرحلے کے دوران عسکری انخلا کی ایک عارضی جگہ اور نام نہاد جنگ بندی کے تسلسل کا ایک لازمی حصہ قرار دیا گیا تھا۔
تاہم ’ڈاکٹرز بلا حدود‘ کے مطابق یہ لکیر اب فوجی چوکیوں، مٹی کے تودوں اور مسلسل منہدم کرنے کے عمل سے لیس ہو چکی ہے، جبکہ یہ مسلسل مغرب کی طرف آگے بڑھ رہی ہے، جو فلسطینیوں کو سمٹتی ہوئی محدود جگہ پر دھکیل رہی ہے۔
تنظیم کا اندازہ ہے کہ قابض اسرائیلی افواج اس وقت غزہ کے تقریباً 65 فیصد رقبے پر قابض ہیں ، اس لکیر کو مذکورہ علاقے کے گرد واضح سرحدیں کھینچنے کے لیے استعمال کر رہی ہیں۔
اس کے برعکس، تشدد کا یہ دائرہ صرف یلو لائن کے آس پاس کے علاقوں تک محدود نہیں ہے، کیونکہ ’ڈاکٹرز ود آؤٹ باردڑ‘ کی ٹیموں نے نام نہاد جنگ بندی کے باوجود گزشتہ جون اور جولائی کے مہینوں میں پورے پٹی کے اندر تشدد کے نتیجے میں پیدا ہونے والے 1,200 سے زائد زخمیوں کے کیسز کا علاج کیا۔
تنظیم کے مطابق ان زخموں میں دھماکوں، جلنے اور جسمانی تشدد کے نتیجے میں لگنے والی چوٹیں شامل تھیں، ایسے میں پٹی کا پورا طبی نظام انتہائی کٹھن حالات کا سامنا کرنے پر مجبور ہے۔
طبی خدمات کے محاذ پر، ’ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈر‘ نے اس بات پرزور دیا کہ پچھلے تین برسوں کے دوران غزہ میں صحت کی دیکھ بھال تک رسائی انتہائی زبوں حال ہو چکی ہے، جبکہ ہسپتالوں کو بنیادی ضروریات کی شدید قلت کا سامنا ہے، اور مریضوں کو زندگی بچانے والی ادویات اور علاج سے محروم رکھا جا رہا ہے۔
تنظیم نے خبردار کیا کہ پٹی میں صحت کے نظام کی تباہی، تمام عمارتوں کے 80 فیصد سے زیادہ حصوں کو پہنچنے والا نقصان، اور بار بار ہونے والے تشدد اور بے گھر ہونے کی وجہ سے پیدا ہونے والے جسمانی اور نفسیاتی مسائل زندگی بھر باقی رہ سکتے ہیں، جن کے اثرات حال سے آگے بڑھ کر آنے والے برسوں میں کسی بھی حقیقی بحالی کی راہ میں رکاوٹ بنیں گے۔
امریکہ کی سرپرستی میں آٹھ اکتوبر سنہ 2023ء کو نسل کشی کے آغاز کے بعد سے، اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں فلسطینی اعداد و شمار کے مطابق چوہتر ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور ایک لاکھ پچھتر ہزار سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ قطاع غزہ میں تقریباً 90 فیصد شہری بنیادی ڈھانچہ تباہی کا شکار ہو چکا ہے۔
