مسلم امہ کے متعدد ممتاز علماء نے صیہونی ریاست کی سرپرستی میں بیت المقدس میں یہودیوں کو فلیگ مارچ کی اجازت دینے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس اشتعال انگیز حرکت کو روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
استنبول میں ایک فورم سے خطاب کرتے ہوئے جید علمائے کرام نے فلسطینی قوم بالعموم پوری مسلم امہ پر زور دیا کہ وہ مسجد اقصیٰ کے دفاع اور یہودیوں کے فلیگ مارچ کو روکنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔
علماء نے کہا کہ مسجد اقصیٰ کی حمایت اور اس کا تحفظ ہم سب پرفرض ہے۔ صہیونی فلیگ مارچ کو ناکام بنانا بھی مسلمانوں کا اجتماعی فریضہ ہے۔ علماء نے ان خیالات کا اظہار فلسطین اسکالرز ایسوسی ایشن کے زیراہتمام استنبول میں منعقدہ ایک سیمینار میں کیا گیا۔
انٹرنیشنل فیڈریشن آف مسلم اسکالرز کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر علی القرا داغی نے زور دے کر کہا کہ مسجد اقصیٰ کا دفاع ایک عظیم اعزاز ہے اور اس میں تعاون کرنے والے ہر فرد کو یہ اعزاز ملا خاص طور پر مسجد اقصیٰ میں موجود فلسطینیوں کو عالم اسلام کے اس مقدس مقام کے تحفظ کا اعزازملا ہے۔
الجزائر کے مسلم اسکالرز کی انجمن کے صدر عبدالرزاق گیسوم نےکہا کہ مسجد اقصیٰ اور مقبوضہ بیت المقدس کئی عشروں سے اسرائیلی ریاست کی انتقامی پالیسیوں کا سامنا کررہے ہیں۔ مسجد اقصیٰ اور القدس کی آزادی کے لیے جاری جدو جہد میں پوری مسلم دنیا کو پیش پیش رہنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ القدس، مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ جڑواں شہر ہیں۔ جس طرح مکہ اور مدینہ کا تحفظ پوری مسلم امہ کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ اسی طرح مسجد اقصیٰ اور مقبوضہ بیت المقدس کا دفاع بھی پوری مسلم امہ کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے فلسطینی قوم کی طرف سے قابض صہیونی ریاست کے مظالم کے خلاف ثابت قدمی کا مظاہرہ کرنے کو سراہا۔
انہوں نے مظلوم فلسطینی قوم کی مالی اور اخلاقی مدد کی بھی اپیل کی۔