فلسطین کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ حوسان شھر میں ایک جوان فلسطینی صیہونی فوجی کی فائرنگ سے شہید ہو گیا۔
فلسطینی نیوز ایجنسی سما کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ ایک بیس سالہ جوان زکریا محمد الزعول ناجائز صیہونی فوجیوں کی فائرنگ کا نشانہ بن کر شہید ہو گیا، رپورٹ کے مطابق گولی اُس کے سر پر لگی۔
حوسان شہر کے دروازے پر صیہونی فوج اور فلسطینی فورسز کے درمیان ہونے والی مختصر جھڑپ میں صیہونی فوجی گولیوں اور بموں کے ساتھ فلسطینی نوجوانوں پر حملہ آور ہوئے جس سے الزعول شدید زخمی ہو گیا تھا۔
دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ فلسطینی نوجوانوں نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے مغربی کنارے کے علاقے جنین میں دو صیہونی فوجیوں کو اپنی گاڑی سے کچل کر زخمی کر دیا۔
جنین میں صیہونی فوج کے حملے جاری ہیں اور وہ اپنی جارحیت میں ہیلی کاپٹروں کا بھی استعمال کر رہی ہے۔
فلسطینی کی وزارت صحت کی رپورٹ کے مطابق جنین میں اب تک 5 فلسطینی شہید اور 91 زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 21 کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔