مغربی کنارہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاوؑنڈیشن )خبر رساں ادارے تسنیم کے بین الاقوامی ڈیسک کے مطابق فلسطین کے مزاحمتی گروہوں کی جانب سے عوام بالخصوص مغربی کنارے کے نوجوانوں سے غزہ کے شہریوں اور ان کی دلیرانہ مزاحمت کے دفاع کے لئے صہیونی فوج کا مقابلہ کرنے کی اپیل کو زیادہ وقت نہیں گزرے تھا کہ مغربی کنارے کے مختلف علاقے، صیہونی حملہ آوروں کے ساتھ فلسطینی نوجوانوں کے تصادم کا مرکز بن گئے۔ مغربی کنارے میں الفتح تحریک کے عسکری ونگ شہداء الاقصی بریگیڈ نے اس علاقے کے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ غاصب صیہونی حملہ آوروں کو نشانہ بنانے کے لیے چوکس رہیں۔ خبری ذرائع نے مغربی کنارے کے شہر قلقیلیہ میں فلسطینی نوجوان جنگجوؤں اور صیہونی فوجیوں کے درمیان مسلح تصادم کی اطلاع دی ہے۔ مغربی کنارے میں مزاحمت کے ایک اہم مرکز جنین میں بھی اس شہر پر حملہ کرنے والے صہیونی فوجیوں کے خلاف فلسطینی جنگجووں کی جانب سے فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا۔
مقاومت کو کچلنے کیلئے جنین پر صیہونی فوج کی لشکر کشی
فلسطینی ذرائع نے مزاحمت کو کچلنے کے لیے صیہونی فوج کی جانب سے مزید فوجی اور ساز و سامان جنین بھیجے جانے کا ذکر کرتے ہوئے اس شہر کے مختلف علاقوں میں صیہونی جارحین کے ساتھ وہاں کے مجاہدین کی جھڑپوں کی خبر دی ہے۔ ان ذرائع نے ہیبرون شہر اور جیریکو میں عین السلطان اور عقبہ جبر کے کیمپوں پر صیہونی حکومت کے صبح سویرے حملے کی بھی اطلاع دی۔ صہیونی فوجیوں نے مغربی کنارے کے مختلف شہروں اور کیمپوں پر صبح سویرے حملہ کرکے نوجوانوں کو گرفتار کرنا شروع کر دیا۔