فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزاحمتی کارروائیوں میں اضافہ ہوا اور مزاحمت کی 17 کارروائیاں ریکارڈ کی گئیں جن میں قابض فورسز کے 3 اہلکار زخمی ہوئے۔
فلسطینی انفارمیشن سینٹر “معطی” نے 3 فائرنگ اور دھماکہ خیز ڈیوائس کے دھماکے کی نشاندہی کی۔ اس کے علاوہ دو مولوٹوف کاک ٹیل پھینکے اور آباد کاروں کے ساتھ تصادم کےدو واقعات ہوئے جب کہ سات مقامات پر جھڑپیں ہوئیں۔
مقبوضہ بیت المقدس میں العیزریہ، ابو دیس اور شعفاط مہاجر کیمپ، رام اللہ کے نعلین اور جنین میں قباطیہ میں جھڑپیں ہوئیں۔
قباطیہ، جنین میں مزاحمت کاروں نے نے قابض اسرائیلی فوج پر فائرنگ کی، جب کہ شہریوں نے قلقیلیہ میں عزون کے مقام پر یہودی آباد بلوائیوں کو روکا اور ان کی گاڑیوں پر سنگ باری کی۔
نابلس میں مزاحمت کاروں نے بلاطہ کیمپ میں قابض فوج پر فائرنگ کی۔ شہریوں نے حوارہ میں آباد کاروں کا مقابلہ کیا اور ان کی گاڑیوں کو تباہ کر دیا، جس سے ایک آبادکار زخمی ہوا۔