Connect with us

اسرائیل کی تباہی میں اتنا وقت باقی ہے

  • دن
  • گھنٹے
  • منٹ
  • سیکنڈز

صیہونیزم

جنوبی لبنان: اسرائیلی فضائی حملے اور حزب اللہ کے جوابی ڈرون حملوں میں اضافہ

جنوبی لبنان – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) جنوب لبنان میں کشیدگی کا سلسلہ بدستور جاری ہے جہاں لبنانی فوج کے اہلکاروں کے زخمی ہونے اور رہائشی علاقوں و طبی ڈھانچے پر قابض اسرائیل کی شدید فضائی بمباری ریکارڈ کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق سیز فائر کے اعلان کے بعد سے، جس کی روزانہ کی بنیاد پر خلاف ورزی کی جا رہی ہے، حزب اللہ کی جانب سے درجنوں ڈرون طیارے داغے گئے ہیں۔

بنت جبیل کے علاقے کفرا میں قابض اسرائیل کی جانب سے لبنانی فوج کی گاڑی کو نشانہ بنانے کے نتیجے میں ایک افسر اور ایک سپاہی معمولی زخمی ہو گئے۔ یہ حملہ 17 مئی تک توسیع شدہ سیز فائر معاہدے کی ایک اور نئی خلاف ورزی ہے۔ لبنانی فوج کے مطابق یہ نشانہ اس وقت بنایا گیا جب اہلکار اپنے مراکز کے درمیان نقل و حرکت کر رہے تھے۔

دوسری جانب قابض اسرائیل کی فوج نے جنوب لبنان میں ایک ڈرون حملے کے ذریعے موٹر سائیکل پر سوار دو افراد کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ غاصب فوج کا دعویٰ ہے کہ ان افراد کا تعلق حزب اللہ سے تھا اور وہ علاقے میں موجود اسرائیلی افواج کے قریب پہنچ رہے تھے۔

لبنانی وزارت صحت کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران قابض اسرائیل کی غارت گری میں شہید ہونے والوں کی تعداد 17 ہو گئی ہے، جس کے بعد 2 مارچ سنہ 2026ء سے اب تک شہداء کی کل تعداد 2696 جبکہ زخمیوں کی تعداد 8264 تک پہنچ گئی ہے۔

وزارت نے شعبہ صحت کو نشانہ بنائے جانے کے بڑھتے ہوئے واقعات پر خبردار کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک ایمبولینس اور امدادی ٹیموں پر 132 حملے کیے جا چکے ہیں۔ ان حملوں میں درجنوں امدادی کارکن شہید و زخمی ہوئے جبکہ متعدد ہسپتال، ایمبولینسیں اور امدادی مراکز تباہ ہو چکے ہیں۔

میدانی صورتحال کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے جنوب لبنان کے وسیع علاقوں میں 20 سے زائد مقامات پر بمباری کی، جن میں وہ قصبے بھی شامل ہیں جنہیں پہلے ہی خالی کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔ قابض فوج نے مزید چھ دیہات کے مکینوں کو گھر چھوڑنے کے نوٹس جاری کیے ہیں تاکہ نئے حملے کیے جا سکیں۔

اس کے جواب میں حزب اللہ نے قابض اسرائیل کی فوجی گاڑیوں اور اجتماعات پر 11 حملوں کا اعلان کیا ہے۔ حزب اللہ کا موقف ہے کہ یہ کارروائیاں قابض دشمن کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزیوں کا جواب اور لبنانی سرزمین کے دفاع کا حصہ ہیں۔

حزب اللہ نے جنوب لبنان کے علاقوں بیاضہ، قوزح اور رشاف میں قابض اسرائیلی فوج کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ بیان کے مطابق ان حملوں میں قابض فوج کے گروہوں سمیت ایک میرکاوا ٹینک، ایک ڈی 9 بلڈوزر اور “نمیرا” بکتر بند گاڑی کو تباہ کیا گیا، جس میں براہ راست جانی نقصان کی تصدیق کی گئی ہے۔

اسی تناظر میں قابض فوج کے ریڈیو نے رپورٹ دی ہے کہ سیز فائر کے آغاز سے اب تک حزب اللہ نے تقریباً 70 دھماکہ خیز ڈرون داغے ہیں، جن میں سے 11 حملوں میں قابض اسرائیلی فوج کے متعدد اہلکار ہلاک اور زخمی ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق سیز فائر کے آغاز سے اب تک 5 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 33 زخمی ہو چکے ہیں۔ ان میں سے 3 ہلاکتیں ڈرون حملوں اور 2 بارودی سرنگوں کے دھماکوں میں ہوئیں، جبکہ 31 فوجی ڈرون حملوں میں زخمی ہوئے۔

اسرائیلی فوج کے ریڈیو نے مزید کہا کہ میدانی حقائق یہ ثابت کرتے ہیں کہ لبنان میں عملاً کوئی “سیز فائر” موجود نہیں ہے کیونکہ دونوں جانب سے حملوں اور جھڑپوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔

رپورٹ میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ سیز فائر کے دوران حزب اللہ نے جنوب لبنان میں موجود قابض افواج پر درجنوں راکٹ داغے، جبکہ اسرائیلی فوج نے زمینی و فضائی کارروائیوں میں حزب اللہ کے لگ بھگ 200 ارکان کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

قابض اسرائیلی فضائیہ نے سیز فائر کے اعلان سے اب تک تقریباً 500 اہداف پر حملے کیے ہیں، جن میں سے ایک کے علاوہ تمام اہداف جنوب لبنان میں تھے، جبکہ ایک حملہ مشرقی علاقے بقاع میں کیا گیا۔

سیاسی محاذ پر لبنانی صدر جوزاف عون نے امریکہ کی زیر نگرانی جاری مذاکراتی عمل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اسے ایک ایسا موقع قرار دیا جس سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ میدانی کشیدگی کے باوجود اس عمل سے پیچھے نہیں ہٹا جائے گا۔

صدر عون نے مزید کہا کہ اسرائیلی فریق کے ساتھ کسی بھی سیاسی ملاقات کی بات چیت جارحیت کے خاتمے اور ایک ایسے سکیورٹی معاہدے سے مشروط ہے جو لبنانی علاقوں سے قابض اسرائیل کے انخلاء اور اسیران کی واپسی کی ضمانت دے۔

Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Copyright © 2018 PLF Pakistan. Designed & Maintained By: Creative Hub Pakistan