غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی بیورو کے سربراہ خلیل الحیہ نے عرب اور ممالک کی قیادت کو خطوط ارسال کیے ہیں جن میں انہوں نے محاصرے کے تسلسل، امداد و پناہ گاہوں کے سامان کی قلت اور موسم سرما کی آمد کے ساتھ مکینوں کی بڑھتی ہوئی تکالیف کے سائے میں غزہ کی پٹی میں سنگین ہوتے ہوئے انسانی المیے سے نمٹنے کے لیے ہنگامی اقدام اٹھانے کی اپیل کی ہے۔
خلیل الحیہ نے اپنے خطوط میں غزہ کی پٹی کے انسانی حالات کا جائزہ پیش کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ غزہ اس وقت جس صورتحال سے دوچار ہے وہ محض کوئی ہنگامی امدادی بحران یا جنگ کے قدرتی اثرات نہیں ہیں بلکہ یہ ایک ایسی تلخ حقیقت ہے جس میں بھوک مسلط کرنے اور زندگی کے بنیادی ڈھانچے کو منظم انداز میں تباہ کرنے کی پالیسیاں امداد اور بحالی کے لیے ضروری سامان کے داخلے پر عائد پابندیوں کے ساتھ باہم جڑی ہوئی ہیں۔
انہوں نے اس بات کی ضرورت پر زور دیا کہ قابض اسرائیل کو جنگ بندی کے معاہدے پر مکمل عمل درآمد کا پابند بنانے کے لیے متحرک ہوا جائے جس میں غزہ کی پٹی سے مکمل انخلا، شرم الشیخ میں دستخط کیے گئے انسانی پروٹوکول پر فوری عمل درآمد، غزہ کے انتظام و انصرام کے لیے قائم قومی کمیٹی کو غزہ کی پٹی میں داخل ہونے و اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کے قابل بنانا اور اقوام متحدہ کے اداروں و انسانی تنظیموں کی بغیر کسی رکاوٹ کے غزہ کے تمام علاقوں تک رسائی یقینی بنانا شامل ہے۔
موسم سرما کے اثرات سے نمٹنے کے حوالے سے اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی بیورو کے سربراہ نے پناہ گاہوں کے لوازمات، حرارت پہنچانے والے آلات اور ایندھن فراہم کرنے، نکاسی آب اور بارش کے پانی کی نکاسی کے نظام کی مرمت کرنے، متاثرہ تنصیبات کو بحال کرنے اور بے گھر افراد کے لیے محفوظ و باوقار پناہ گاہیں قائم کرنے کی خاطر ایک ہنگامی بین الاقوامی مہم شروع کرنے کی اپیل کی۔
انہوں نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ردعمل، ابتدائی بحالی اور تعمیر نو کے لیے ضروری بین الاقوامی فنڈنگ اکٹھی کرنے اور مرمت کے کاموں و بنیادی ڈھانچے کی بحالی کے لیے تعمیراتی مواد، آلات اور ضروری مشینری کے داخلے کو یقینی بنانے کا بھی مطالبہ کیا۔
سیاسی اور سفارتی محاذ پر خلیل الحیہ نے متعلقہ ممالک سے اپیل کی کہ وہ ایک ایسے مسودہ قرارداد کے لیے حمایت جمع کریں جو قابض اسرائیل کو اس کی انسانی ذمہ داریوں پر عمل درآمد کا پابند بنائے اور غزہ کی پٹی میں انسانی المیے کے حجم کا جائزہ لینے کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اور کھلا اجلاس بلانے کے لیے کام کریں۔
واضح رہے کہ خلیل الحیہ نے گذشتہ دو روز کے دوران ثالث ممالک کے متعدد رہنماؤں اور عہدیداروں سے رابطے کیے تھے جن کا مقصد امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے اور دستخط شدہ معاہدوں کے تقاضوں پر عمل درآمد کے لیے قابض اسرائیل کو پابند بنانے کی خاطر ہنگامی اقدام کی جانب پیش قدمی کرنا تھا۔
حالیہ موسمی دباؤ کے اثرات نے بے گھر افراد کے حالات کی نزاکت کو بے نقاب کر دیا ہے کیونکہ شدید بارشوں کے باعث گھروں اور بنیادی ڈھانچے کی وسیع تباہی اور آلات، ایندھن و پناہ گاہوں کے سامان کی قلت کے درمیان ہزاروں خیمے ڈوب گئے اور تباہ ہو گئے۔
شہری دفاع کے تخمینوں کے مطابق موسمی حالات میں بہتری شروع ہونے کے باوجود ہزاروں خاندان تاحال اپنے خیموں کے ڈوبنے اور چادروں و ساز و سامان کے تلف ہونے کے اثرات سے دوچار ہیں جبکہ متاثرہ عمارتوں کا ہنگامی انجینئرنگ جائزہ لینا ضروری ہے اور نشیبی علاقوں میں پانی کی نکاسی و بحالی کے کاموں کی ضرورت ہے تاکہ مکینوں کی تکالیف کو مزید بڑھنے سے روکنے کے لیے ہنگامی امدادی مداخلت جاری رکھی جا سکے۔
