مقبوضہ بیت المقدس – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) قابض اسرائیل کی سخت ترین اور ظالمانہ بندشوں کے باوجود دسیوں ہزار فلسطینیوں نے آج مسجد اقصیٰ مبارک میں نماز جمعہ ادا کی۔
مقبوضہ بیت المقدس میں اسلامی اوقاف کے محکمے نے رپورٹ دی ہے کہ پچھتر ہزار سے زائد نمازیوں نے مسجد اقصیٰ مبارک میں جمعہ کی نماز ادا کرنے کا شرف حاصل کیا۔
القدس گورنری نے بتایا کہ صبح کے وقت سے ہی دسیوں ہزاروں کی تعداد میں لوگ مسجد اقصیٰ کی طرف امڈ آئے جبکہ قابض افواج نے مسجد کے گرد و نواح میں سخت ناکہ بندی لگا دی اور مسجد اقصیٰ کے دروازوں اور پرانے شہر کے راستوں پر اپنی بھاری نفری تعینات کر دی تاکہ فلسطینیوں کو اپنے قبلہ اول تک پہنچنے سے روکا جا سکے۔
قابض افواج نے عزم و استقلال کی علامت بنے ہوئے دو پکی عمر کے مرابطین خاتون حاجّہ نفیسہ خویص اور نظام ابو رموز کو طریق المجاہدین میں نماز جمعہ ادا کرنے سے زبردستی روک دیا اور انہیں باب الاسباط کے علاقے کی طرف نکال دیا۔
