فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں العروب پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں 18 سالہ فلسطینی نوجوان شہید اور متعدد شہری زخمی ہوگئے۔
فلسطینی وزارت صحت کےمطابق 18 سالہ اسامہ محمود عدوی کوالخلیل کے شمال میں واقع العروب پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی قابض فوج نے سینے میں گولیاں مار کر شہید کیا۔
الخلیل کے العروب پناہ گزین کیمپ میں قابض فوج کے ساتھ جھڑپیں ہوئیں، جس کے دوران قابض فوج کی گولیوں سے دو لڑکے شدید زخمی ہوگئے، جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ اسرائیلی فوج نے درجنوں افراد پر زہریلی گیس کی شیلنگ کی۔ اسرائیلی فوج کی شیلنگ سے کئی فلسطینی دم گھٹنے سے بے ہوش ہوگئے۔
حوارہ چوکی پر حملے
رات گئے نابلس کے جنوب میں واقع قصبے حوارہ میں اسرائیلی قابض فوج کے حملے کے بعد ایک شہری کو زخمی حالت میں بیٹے سمیت گرفتار کرلیا گیا۔
شمالی مغربی کنارے میں یہودی آباد کاری کےامورکے انچارج غسان دغلس نے بتایا کہ قابض فوج نے محمد صالح شحادہ کو مارا پیٹا جس کی وجہ سے وہ زخمی ہو گیا اور اس کے بیٹے18 سالہ عبداللہ کو گرفتار کر لیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ قصبے کی مرکزی سڑک پر آباد کاروں کے تکبر کے خلاف شہریوں کے ردعمل کے دوران تصادم کے بعد قابض فورسز نے قصبے میں دکانیں بند کر دیں۔