اسلام آباد (مرکزاطلاعات فلسطین فاوؑنڈیشن)فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی دعوت پر پاکستان کے دورے پر فلسطینی وفد نے اسلام آبا دمیں ملی یکجہتی کونسل کے مجلس عاملہ کے اجلاس میں خصوصی شرکت کی اور پاکستان کی مذہبی قیادت سے خطاب کیا۔ فلسطینی وفد کی قیادت جہاد اسلامی فلسطین کے رہنما سید البرکہ کر رہے تھے جبکہ ان کے ہمراہ مجلس علمائے فلسطین کے صدر شیخ ادیب یاسر جی اور عالمی مہم برائے حق واپسی فلسطین کے سیکرٹری جنرل شیخ یوسف عباس اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم موجود تھے۔
ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے صدر صاحبزادہ ابو الخیر محمد ذبیر اور جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما لیاقت بلوچ نے فلسطینی وفد کا استقبال کیا۔ اس موقع پر شیعہ علماء کونسل کے علامہ عارف واحدی، مجلس وحدت مسلمین کے ناصر شیرازی، جماعت اسلامی کے میاں محمد اسلم، مفتی معرفت شاہ، حافظ ذبیر ظفر، پیر غلام رسول اویسی، مفتی گلزار نعیمی، ڈاکٹر علی عباس، حافظ عبد الغفارم پیر منصور گیلانی، سید اسامہ بخاری، عبد اللہ حمید گل، اسد اللہ بھٹو، سید نثار ترمذی، جاوید قصوری، سردار عتیق، قاضی شفیق، ڈاکٹر خالد، وحید الدین شاہ، علامہ رمضان توقیر اور دیگر موجود تھے۔
فلسطینی رہنماؤں نے کہاکہ اسرائیل پاکستان کی مذہبی قیادت کے اتحاد اور یکجہتی سے خوفزدہ ہے۔ ان کاکہنا تھا کہ غاصب صیہونی ریاست اسرائیل صرف فلسطین کی دشمن نہیں بلکہ پاکستان سمیت دنیا کے تمام اسلامی ممالک اسرائیل کے نشانہ پر ہیں۔ ان کاکہنا تھاکہ آج اسرائیل ہندوستان کے ساتھ مل کر پاکستان کے خلاف سازش کر رہا ہے۔پاکستانی عوام کا آپس میں اتحاد دیکھ کر اطمینان ہوا ہے کہ فلسطین کی آزادی میں یہ اتحاد مثبت کردار ادا کرے گا۔
تقریب کے اختتام پر فلسطینی وفد نے تمام مذہبی قائدین کو فلسطین اسکارف کا تحفہ پیش کیا اور صدر ملی یکجہتی کونسل پاکستان ڈاکٹر ابو الخیر ذبیر کو فلسطین کا خاص نشان تحفہ میں دیا۔