اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] کے سیاسی بیورو کے سربراہ اسماعیل ھنیہ اور جماعت کی اعلیٰ قیادت نےکل منگل کی شام ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر میجر جنرل حسین سلامی سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران فریقین نے فلسطین، علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر ہونے والی مجموعی سیاسی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا اور خطے کی صورتحال بالخصوص فلسطینی کاز کی حساسیت پربات چیت کی۔
ملاقات میں دونوں فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ اتحاد خواہ قومی سطح پر ہو یا فلسطینی سطح پر، صہیونی قابض دشمن کو شکست دینے، فلسطینیوں کے حقوق کی بحالی اور آزادی کے حصول کا واحد راستہ ہے۔
دونوں فریقین نے تمام شعبوں میں مزاحمت کی خدمت میں تعاون جاری رکھنے کا بھی اعادہ کیا۔
اسماعیل ہنیہ اور حماس کے قیادت کے وفد نے ایرانی دارالحکومت تہران میں دوسرے روز بھی ملاقاتیں جاری رکھی ہیں۔ اسماعیل ھنیہ کی قیادت میں حماس کا ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد اتوار کو ایران کے سرکاری دورے پر تہران پہنچا تھا۔