لاہور(مرکزاطلاعات فلسطین فاوؑنڈیشن )پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر اشرفی نے جمعہ کو دنیا بھر میں یوم یکجہتی فلسطین منانے کی اپیل کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری سطح پر ”یوم یکجہتی فلسطین“ منانے کا اعلان کیا جائے اور نگران وزیراعظم سمیت وزراء کو ”یکجہتی ریلیوں اور سیمینارز“ میں شرکت کرکے فلسطینی بہن، بھائیوں کو اپنی حمایت کا یقین دلانا چاہیے وزارت خارجہ کو اسرائیلی دہشتگردی پر معذرت خواہانہ رویہ اپنانے کی بجائے فلسطینیوں پر ظلم کیخلاف ماضی کی طرح شدت کیساتھ آواز اُٹھانی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم ممالک کی فورسز کو امن دستے کی حیثیت سے فلسطین جانا چاہیے اور اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ امن فورسز بھیجنے کی حمایت کرے فلسطینی مجاہدین نے اسرائیلی ظلم و ستم کا جواب دے کر اسرائیل کا غرور خاک میں ملا دیا، ہم ان مجاہدین، غازیوں اور شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں پاکستانی قوم کواسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان علماء کونسل کے زیراہتمام جامعہ منظور الاسلامیہ لاہور میں ”یکجہتی فلسطین“ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع مولانا اسداللہ فاروق، محمد اسلم صدیقی، پیر ابراہیم خلیل، محمد اسلم قادری، قاری مبشر رحیمی، مولانا ابراہیم حنفی سمیت دیگر علماء کرام نے بھی خطاب کیا۔ حافظ طاہر اشرفی کا مزید کہنا تھا کہ آج فلسطین پر اسرئیلی جارحیت کے پانچ روز ہو چکے ہیں۔ اس وقت اسرائیلی فورسز نے غزہ کی ناکہ بندی کرکے ادویات، خوراک کی ترسیل کو بند کر رکھا ہے، امریکہ، بھارت، برطانیہ اور دیگر مغربی ممالک اسرائیلی دہشتگردی کی حمایت کر رہے ہیں، جو قابل افسوس اور قابل مذمت ہے جبکہ دوسری طرف سعودی عرب، ترکی، مصر، اردن، ایران اور او آئی سی، رابطہ عالمی اسلامی کی قیادت کے درمیان بھی رابطے جاری ہیں، امید ہے کہ فلسطینیوں کو خوراک اور اشیائے ضروریات کی ترسیل جلد شروع ہو جائے گی اور مسلم ممالک کی طرف سے واضح لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اسوقت کچھ ذہنی معذور لوگ خوف پیدا کر رہے ہیں ان پر واضح کر دینا چاہتے ہیں رزق اور عزت کی حفاظت کرنیوالی ذات اللہ تعالیٰ کی ہے، جس نے بے بس اور مظلوم فسلطینی مجاہدین کے ذریعے اسرائیل جیسی طاقت کا غرور خاک میں ملا دیا، آج کفار پریشان اور حیران ہیں، کس طرح مجاہدین نے آسمان سے اتر کر سینکڑوں اسرائیل فوجیوں اور ان کے جرنیلوں کو حراست میں لے لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلم ممالک کو ایک ہو کر فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا، آج جمعہ کو دنیا بھر میں یوم یکجہتی فلسطین منایا جائے، اسی طرح میرا حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری سطح پر ”یوم یکجہتی فلسطین“منانے کا اعلان کیا جائے اور نگران وزیراعظم سمیت وزراء کو ”یکجہتی ریلیوں اور سیمینارز“میں شرکت کرکے فلسطینی بہن، بھائیوں کو اپنی حمایت کا یقین دلانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ شاید پاکستانی نگران وزیر خارجہ کو اونچا بولنے کی بھی اجازت نہیں، وزارت خارجہ کو یہ کہنے کی بجائے کہ دنیا ہمیں کہے گی تو کردار ادا کریں گے بلکہ پاکستان کو آگے بڑھ کر فلسطین کے معاملے پر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے جس طرح ماضی میں کیا جاتا ہے، اگر فلسطین کے معاملے پر ہم نے معذرت خواہانہ رویہ اختیار کیا تو تاریخ ہمیں معاف نہیں کرے گی۔