غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) غزہ کا محاصرہ ختم کرنے کے لیے سرگرم عالمی کمیٹی کے سربراہ یوسف عجیسہ نے اعلان کیا ہے کہ گلوبل صمود فلوٹیلا کے متعدد کارکنوں کو قابض اسرائیل کی جانب سے ایسی ہولناک اور سنگین خلاف ورزیوں کا نشانہ بنایا گیا ہے جن میں جنسی تشدد، ہراساں کرنا، مار پیٹ اور سڑکوں پر گھسیٹنا شامل ہے۔
یوسف عجیسہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ یہ حملے بعض کارکنوں کے جسم کے حساس حصوں پر بھی کیے گئے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ غیر انسانی رویے قابض اسرائیل کی مجرمانہ حقیقت اور اس کی وحشت کو بے نقاب کرتے ہیں اور اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ یہ غاصب ریاست پوری دنیا کے لیے کتنا بڑا خطرہ بن چکی ہے۔
عالمی کمیٹی کے سربراہ نے ان انسانیت سوز مظالم پر یورپی دنیا کی خاموشی پر سخت صدمے کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس بات پر کڑی تنقید کی کہ ان سنگین خلاف ورزیوں کے باوجود اب تک کوئی وسیع البنیاد مذمت سامنے آئی نہ ہی قابض اسرائیل کے خلاف کوئی تادیبی کارروائی کی گئی، جیسا کہ اناطولیہ نیوز ایجنسی نے نقل کیا ہے۔
یوسف عجیسہ نے مطالبہ کیا کہ غزہ کی پٹی کی طرف روانہ ہونے والے بحری جہازوں کو، خواہ وہ روانہ ہو چکے ہوں یا مستقبل میں روانہ ہونے والے ہوں، بین الاقوامی تحفظ فراہم کیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ اس کا مقصد بین الاقوامی سمندری حدود یا بعض یورپی ممالک کے علاقائی پانیوں میں قابض اسرائیل کی بحری قزاقی اور دہشت گردانہ کارروائیوں کو روکنا ہے۔
