غزہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاوؑنڈیشن)اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] کے عسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے کل جمعرات کی شام اس بات کی تصدیق کی کہ القسام مجاھدین نے گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران 72 اسرائیلی فوجی گاڑیوں کو مکمل یا جزوی طور پر تباہ کر دیا۔
ابو عبیدہ نے کہا کہ القسام مجاہدین 36 فوجیوں کو ہلاک کرنے، درجنوں دیگر صیہونی فوجیوں کو زخمی کرنے کے ساتھ ان میں سے بعض کا سازوسامان اور ہتھیارچھین لیے۔
انہوں نے بتایا کہ مجاہدین نے غاصب صہیونی افواج کو میزائلوں اور اینٹی قلعہ بندی آلات سے نشانہ بنایا، ان کے ساتھ صفر کے فاصلے سے جھڑپیں کیں اور ان کی ریسکیو ٹیموں کو نشانہ بنایا۔
ابو عبیدہ نے نشاندہی کی کہ فیلڈ ہیڈ کوارٹرز اور کمانڈ رومز کو نشانہ بنایا گیا، اور مجاہدین لڑائی کے تمام محاذوں پر مارٹر گولوں اور کم فاصلے تک مار کرنے والے راکٹوں سے فوجی مراکز کو تباہ کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ انہوں نے مختلف اہداف اور مختلف رینج کے ساتھ دشمن کی کمک کو نشانہ بنا کر اسے مالی اور جانی نقصانات سے دوچار کیا۔
خیال رہے کہ قابض فوج نے غزہ کی پٹی کے خلاف اپنی جارحیت کے آغاز سے اب تک 116 فوجیوں کی ہلاکت کا اعتراف کیا ہے جب کہ گذشتہ 7 اکتوبر کو طوفان الاقصیٰ کے آغاز سے اب تک قابض فوج کی ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 445 پوگئی ہے۔