غزہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاوؑنڈیشن) فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی بربریت اور نسل کشی کا مجرمانہ سلسلہ 134ویں دن جاری ہے۔ دوسری جانب غزہ کی 90 فی صد آبادی بے گھر ہے۔
ہمارے نامہ نگارنے بتایا کہ آج ہفتے کو اسرائیلی فوج کی بربریت میں توپ خانے اور جنگی طیاروں کا استعمال کیا گیا جس کے نتیجے میں مزید سیکڑوں فلسطینی شہید اور زخمی ہوگئے۔
مشرقی خان یونس میں مشرقی القرارہ پر بمباری میں غنیم خاندان خاندان کے پانچ افراد شہید ہوگئے۔
غزہ میں وزارت صحت نے بتایا ہے کہ قابض فوج نے ناصر میڈیکل کمپلیکس کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کردیا ہے اور قابض فوج نے وہاں سے طبی عملے سمیت بڑی تعداد میں شہریوں کو حراست میں لے لیا ہے۔
دیر البلح میں اسرائیلی فوج نے بمباری کی جس کے نتیجے میں دو شہری زخمی ہوگئے۔ انہیں شہداء الاقصیٰ ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
وسطی غزہ کے نصیرات کیمپ میں اسرائیلی بمباری میں متعدد شہریوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
الشیخ رضوان میں یونس خلف برکہ خاندان پر بمباری میں خاندان کے دس افراد شہید ہوگئے۔
مشرقی رفح میں الحنینہ کالونی میں اسرائیلی بمباری میں 32 سالہ حاتم ابو جزر شہید ہوگیا۔