Connect with us

اسرائیل کی تباہی میں اتنا وقت باقی ہے

  • دن
  • گھنٹے
  • منٹ
  • سیکنڈز

عالمی خبریں

فرانس کا فلوٹیلا کارکنوں کے معاملے پر عدالتی تحقیقات کا مطالبہ

پیرس – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) فرانس کے وزیرِ خارجہ جان نوئیل بارو نے اعلان کیا ہے کہ پیرس نے پراسیکیوٹر جنرل سے ان فرنسیسی شہریوں کے ساتھ قابض اسرائیل کے ہولناک سلوک کے بارے میں تحقیقات شروع کرنے کی باضابطہ درخواست کی ہے جنہوں نے غزہ کی پٹی پر مسلط کردہ ظالمانہ اور مجرمانہ محاصرے کو توڑنے کے لیے روانہ ہونے والے گلوبل صمود فلوٹیلا میں شرکت کی تھی۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق بارو نے واضح کیا کہ عدالتی تحقیقات کا یہ مطالبہ ترکیہ میں فرانسیسی قونصل کی جانب سے تیار کردہ ایک مفصل رپورٹ کی بنیاد پر کیا گیا ہے کیونکہ ایسی لرزہ خیز شہادتیں اور بیانات سامنے آئے ہیں جن میں فرانسیسی یکجہتی کارکنوں کو “جنسی حملوں، شدید ترین یخ بستہ سردی میں رکھنے، وحشیانہ مار پیٹ اور مسلسل تذلیل و توہین” کا نشانہ بنانے کا انکشاف ہوا ہے۔ انہوں نے سخت لہجے میں کہا کہ یہ وحشیانہ حقائق ایسے گھناؤنے مظالم ہیں جو سنگین فوجداری جرائم کے زمرے میں آتے ہیں۔

فرانس کا یہ اہم ترین سفارتی و قانونی اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب غزہ کی پٹی کا محاصرہ توڑنے اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد پہنچانے کی بین الاقوامی کوششوں کے تحت روانہ ہونے والے گلوبل صمود فلوٹیلا کے پرامن شرکاء کے خلاف قابض اسرائیل کے سفاکانہ اور درندانہ رویے پر پورے یورپ میں غیظ و غضب اور تنقید کی لہر دوڑ چکی ہے۔ واضح رہے کہ غزہ کی پٹی غاصب صہیونی دشمن کی مسلسل جنگ اور ظالمانہ ناکہ بندی کے باعث اس وقت بدترین اور لرزہ خیز انسانی تباہی کا سامنا کر رہی ہے۔

قابض افواج نے بین الاقوامی پانیوں میں یونانی ساحلوں کے قریب اس فلوٹیلا کے بحری جہازوں کا راستہ انتہائی بزدلی سے روکا اور دنیا بھر سے آئے ہوئے متعدد یکجہتی کارکنوں کو اغوا کر کے قید کر لیا جہاں ان بے گناہ عالمی رضاکاروں کو بدترین جسمانی و نفسیاتی تشدد اور سفاکیت کا نشانہ بنایا گیا جن میں معزز ڈاکٹرز، قانون دان اور غیر ملکی یکجہتی کارکن بھی شامل ہیں۔

اسی تسلسل میں فرانسیسی وزیرِ اعظم سیبسٹین لوکورنو نے گذشتہ منگل کے روز اعلان کیا تھا کہ ان کی حکومت ان تمام بھیانک ہتھکنڈوں کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کے امکان کا سنجیدگی سے جائزہ لے رہی ہے جنہیں انہوں نے فلوٹیلا میں شامل بے بس یکجہتی کارکنوں کے ساتھ روا رکھی جانے والی “خوفناک ترین بدسلوکی” قرار دیا ہے۔

اس سے قبل وزیرِ خارجہ بارو غاصب صہیونی ریاست کے انتہائی انتہا پسند وزیرِ برائے قومی سکیورٹی ایتمار بن گویر کے فرانسیسی سرزمیں پر داخلے پر مکمل پابندی عائد کرنے کا جرات مندانہ اعلان بھی کر چکے ہیں اور انہوں نے یورپی یونین پر زور دیا ہے کہ وہ گلوبل صمود فلوٹیلا میں شامل بین الاقوامی یکجہتی کارکنوں کے ساتھ قابض اسرائیل کے اس ہولناک اور درندانہ سلوک کی پاداش میں اس فاشسٹ صہیونی وزیر پر کڑی پابندیاں عائد کرے۔

Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Copyright © 2018 PLF Pakistan. Designed & Maintained By: Creative Hub Pakistan