کراچی (مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) فلسطین کاز کو اجاگر کرنا وقت کی اہم ترین ذمہ داری ہے ۔ ان خیالات کا اظہار فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی ورکنگ کمیٹی نے ایک اہم اجلاس کے دوران کیا۔ اراکین نے پاکستانی شہریت رکھنے والے صحافیوں کے ایک اور وفد کی اسرائیل جانے کی خبروں پر شدید مذمت کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ پاکستان کی نظریاتی بقاء کی خاطر پاکستان میں صہیونی حمایت یافتہ عناصر کے خلاف موثر کاروائی عمل میں لائی جائے۔ اراکین کا کہنا تھاُکہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے نظریہ پر کاربند ہیں اور کسی ملک دشمن عناصر کو اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ مملکت کے آئین اور نظریات کو نقصان پہنچائے۔ اراکین نے یوم نکبہ پر ملک بھر میں فلسطینی عوام کی اپیل اور ان کے حق واپسی کے نعرے” ہم واپس آئیں گے” کی حمایت میں مہم چلانے کا اعلان کیا۔ مہم کا آغاز سات مئی سے کیا جائے گا جو پندرہ مئی یوم نکبہ تک جاری رہے گی۔ اس مہم کے دوران ملک بھر میں فلسطینی عوام کے وطن واپسی سے متعلق حق واپسی کو اجاگر کیا جائے گا اور مختلف نوعیت کے پروگرام ترتیب دیئے جائیں گے جبکہ مرکزی احتجاجی ریلی چودہ مئی کو کراچی پریس کلب پر نکالی جائے گی ۔
اجلاس میں سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم، مختار احمد، قاسم خانزادہ، حسن کشمیری، محمد باقر، علی رجائی، باقر رضا سمیت دیگر شریک تھے۔