فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے نواحی علاقے اریحا میں آج جمعرات کےروز اسرائیلی فوج کی چھاپہ مار کارروائی کے دوران کم سےکم 10 فلسطینی شہری زخمی جب کہ 12 دیگر کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ یہ کارروائی اریحا میں عقبہ جبر کیمپ میں کی گئی۔ تلاشی کے دوران قابض فوج نے فلسطینی شہریوں کے گھروں میں گھس کر خواتین اور بچوں کو زدو کوب کیا اور گھروں سے قیمتی سامان، نقدی اور زیورات لوٹ لیے۔
مقامی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ قابض فوج کی بھاری نفری نے کیمپ پر کئی سمتوں سے دھاوا بول دیا، کیمپ میں مکانات کی چھتوں پر تعینات اہلکاروں نے 30 سے زائد گھروں پر چھاپہ مارا۔
ذرائع کے مطابق قابض فورسز نے نوجوانوں اور گھروں پر براہ راست گولیاں چلائیں اور زہریلی گیس کے گولےبرسائے جس سے 10 نوجوان نوجوان زخمی ہوگئے۔زخمیوں میں سے ایک کی حالت خطرے میں بیان کی جاتی ہے۔
اریحا میں کلب برائے اسیران کے ڈائریکٹر عید براہمہ نے کہا کہ قابض فوج نے کیمپ پر دھاوا بولتے ہوئے 12 نوجوانوں کو گرفتار کیا۔
قابض فوج نے کیمپ کے تمام داخلی راستے بند کر دیے اور شہریوں کو اس میں داخل ہونے یا جانے سے روک دیا گیا۔ ساتھ ہی ایمبولینسوں کو بھی داخل ہونے سے روکا گیا۔