الجزائر نے قابض اسرائیلی افواج کی سکیورٹی میں مسجد اقصیٰ پر صہیونی وزیر کےدھاوے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی مظالم بند کرائے اور مسلمانوں کے قبلہ اول کے تحفظ کے لیے منظورکی گئی قراردادو پرعمل درآمد کرائے۔
کل سوموار کو ایک بیان میں، الجزائر نے ان اشتعال انگیز خلاف ورزیوں کی مذمت کی، جو فلسطینی عوام اور ان کے جائز، ناقابل منتقلی حقوق پر منظم اسرائیلی حملوں کا حصہ ہیں۔
بیان میں الجزائر نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی ہٹ دھرمی اوران کے خلاف جاری وحشیانہ مظالم کا سلسلہ بند کرائے اور فلسطینی قوم کےحقوق کے حوالے سے اپنی آئینی اور اخلاقی ذمہ داریاں پوری کرے۔
الجزائر نے ایک بار پھر فلسطینی قوم کے ساتھ مکمل یکجہتی کااظہار کرتے ہوئے فلسطینیوں کے تمام جائز حقوق کی حمایت کی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ الجزائر کا فلسطینی قوم کے حقوق بالخصوص حق خود اردایت، آزاد فلسطینی ریاست کے قیام اور القدس کو اس کا دارالحکومت بنانے کی حمایت جاری رکھے گا۔
اس تناظر میں اسلامی تعاون تنظیم کے جنرل سیکرٹریٹ نے آج پیر کے روز نابلس شہر میں اسرائیلی قابض فوج کی طرف سے کیے جانے والے گھناؤنے جرم کی مذمت کی ہے جس کے نتیجے میں تین افراد شہید ہو گئے تھے۔
ایک بیان میں تنظیم نےزور دے کر کہا کہ یہ جرم فلسطینی عوام کے خلاف قابض فوج کی طرف سے کیے جانے والے روزمرہ کے جرائم اور حملوں کا تسلسل اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔