کراچی(مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) فلسطین فائونڈیشن پاکستان کی اپیل پر ملک بھر میں 15مئی کو فلسطینی عوام سے یکجہتی کے لئے یوم نکبہ بعنوان یوم واپسی مہم منایا گیا۔ملک بھر کی جامعہ مساجد میں بعد نماز جمعہ فلسطینی عوام کےحق واپسی کے مطالبہ کی حمایت کی گئی اور فلسطین پر غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے ناجائز قیام کے 78سال مکمل ہونے پر
صیہونی مظالم اور دہشتگردانہ کاروائیوں کی شدید مذمت کی گئی۔
مہم کے تحت مرکزی احتجاج کراچی پریس کلب کے سامنے کیا گیا جہاں ملک بھر کی تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں کے رہنمائوں، وکلاء برادری، آرٹسٹ اور فنکاروں ، اساتذہ سمیت طلباء و طالبات اور مختلف طبقات زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین اور مردوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکائے احتجاجی مظاہرہ نے فلسطینی پرچم ،ایران، لبنان اور فلسطین کے شہداء اور رہنماؤں کی تصاویریں پلے کارڈز اور بینر زاٹھا رکھے تھے جن پر فلسطینیوں کےحق واپسی کی عالمی مہم کی حمایت ، فلسطینیوں کی واپسی قریب ہے، امریکہ مردہ باد، اسرائیل نامنظور سمیت فلسطین، لبنان اور ایران پر امریکی و اسرائیلی جارحیت بند کرنے کے مطالبات درج تھے ۔
احتجاجی ماہرے میں ڈاکٹر صابر ابو مریم ،ڈاکٹر معراج الہدیٰ ،علامہ باقرعباس زیدی ،ندیم اعوان ،بنڈت وجے محراج ،سردار مگن سنگھ،یونس بونیری،علامہ عقیل انجم ،اسرار عباسی ،علامہ قاضی احمد نورازی ،ارم بٹ ،محمدحسین محنتی،علامہ مختار امامی ،جمشید حسین ،یاور عباس ،معاز نظامی ،قاضی زاہد،خلیل نورانی ،وحید یونس،علامہ مرزا طاہر علی،سمیت دیگر موجود تھے۔
مقررین نے کہا کہ فلسطین پر اسرائیل کا وجود غیر قانونی اور ناجائز ہے ۔قائد اعظم محمد علی جنا ح نے فلسطین پر صیہونی ریاست کے قیام کی سازشوں کو بھانپ کر پہلے ہی متنبہ کیا تھا کہ اس طرح کی ریاست ناجائز تصور کی جائے گی اور اسرائیل کو پاکستان کبھی تسلیم نہیں کرے گا۔ ان کاکہنا تھا کہ فلسطین پر 78سالوں سے روزانہ فلسطینی عوام پر نکبہ یعنی بد ترین تباہی ڈھائی جا رہی ہے۔ عالمی اداروں سمت مسلمان حکومتیں فلسطین کے لئے عملی مدد کرنے سے قاصر ہیں۔انہوںنے مزید کہا کہ فلسطین صرف اور صرف فلسطینوں کا ہے اور اسرائیل واضح طور پر ایک ناجائز ریاست ہے۔
مقررین کاکہنا تھا کہ لاکھوں فلسطینی دوسرے ممالک میں پناہ گزینوں کی زندگی گزار رہے ہیں اور فلسطین واپس آنا چاہتے ہیں ، پاکستان کے عوام فلسطینی عوام کے حق واپسی کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں قومی اسمبلی سمیت سینیٹ میں فلسطینی عوام کے فلسطین حق واپسی کی حمایت میں قرارداد منظور کی جائے۔ان کاکہنا تھا کہ غاصب اسرائیل فلسطینی عوام کے حق واپسی سے خائف ہے کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ فلسطینی عوام اگر فلسطین واپس آئے تو پھر اسرائیل کا ناجائز وجود باقی نہیں رہ سکتا۔ مقررین کاکہنا تھا کہ ہم معرکہ حق کی کامیابی کا پہلا سال مکمل ہونے پر عوام، افواج پاکستان اور حکومت کو مبار ک باد پیش کرتے ہیں اور عہد کرتے ہیں کہ دشمن کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنے رہیں گے اور اپنے اتحاد سے پاکستان کے خلاف ہونے والی سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔
مقررین نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ فلسطین، لبنان اور ایران میں مستقل جنگ بندی کی جائے اور امریکی حکومت اپنی قابض افواج کو مشرق وسطیٰ سمیت دیگر خطوں سے باہر نکالے۔مقررین نے فلسطین، لبنان اور ایران پر امریکی و اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی۔