مقبوضہ مغربی کنارہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) قابض اسرائیلی فوج نے بدھ کی علی الصبح مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں، قصبوں اور پناہ گزین کیمپوں پر دھاوا بول کر وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن کیا جس کے دوران متعدد فلسطینی شہریوں کو اغوا کر کے نامعلوم مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔ یہ کارروائیاں قابض دشمن کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی اور ان کے ارادوں کو توڑنے کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہیں۔
قلقيلية سے موصولہ اطلاعات کے مطابق مقامی ذرائع نے بتایا کہ قابض اسرائیلی فوج نے قلقيلية کے مشرقی قصبے کفر قدوم میں متعدد گھروں پر چھاپے مارے اور ایک ہی خاندان کے 5 بھائیوں کو گرفتار کر لیا۔
نابلس میں قابض اسرائیلی فوج نے شہر کے مشرق میں واقع عسکر الجديد کیمپ پر دھاوا بولا اور اپنی وحشیانہ کارروائیاں جاری رکھیں۔ قابض فوج نے عورتا اور حوارہ چوکیوں کے ذریعے مشرقی علاقے میں پیش قدمی کی تاکہ قبر یوسف کے علاقے پر صہیونی آباد کاروں کے دھاوے کے لیے سکیورٹی فراہم کی جا سکے۔ اس دوران قابض اسرائیلی فوج نے علاقے میں بڑے پیمانے پر ناکہ بندی کر رکھی تھی۔ قابض صہیونی فوج نے نابلس کے مشرق میں واقع گاؤں بلاطہ البلد پر بھی یلغار کی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ نابلس کے جنوب میں واقع قصبے بیتا میں صہیونی آباد کاروں نے جبل بئر قوزا کے علاقے پر دھاوا بولا اور اشتعال انگیز حرکات کیں، جبکہ قابض اسرائیلی فوج نے پورے علاقے کو اپنے محاصرے میں لے رکھا تھا۔
جنین میں قابض صہیونی فوج نے شہر کے مغرب میں واقع یامون قصبے اور مشرق میں واقع دیر ابو ضعیف گاؤں میں گھس کر شدید توڑ پھوڑ کی۔
رام اللہ میں مقامی ذرائع نے بتایا کہ قابض اسرائیلی فوج نے شہر کے شمال مشرق میں کفر مالک گاؤں اور مغرب میں واقع بیتونیا قصبے سمیت الطیبہ گاؤں پر دھاوا بولا۔ الطیبہ میں صہیونی آباد کاروں نے فلسطینی شہریوں کے گھروں کے قریب اشتعال انگیز گشت کیا اور انہیں ہراساں کیا۔
طولکرم میں قابض دشمن نے شہر کے وسط میں شارع الحدادین پر واقع متعدد عمارتوں پر چھاپے مارے، جبکہ قلقيلية کے مشرق میں واقع حجہ قصبے پر بھی دوبارہ یلغار کی گئی۔ قابض فوج نے اریحا شہر کے شمال میں واقع عین السلطان کیمپ پر بھی دھاوا بولا اور تلاشی کے نام پر گھروں کی حرمت پامال کی۔
سلفیت سے موصولہ اطلاعات کے مطابق قابض اسرائیلی فوج نے بدھ کی علی الصبح بروقین قصبے سے ایک نوجوان محمد حاتم صبرہ کو اس کے گھر میں توڑ پھوڑ کے بعد گرفتار کر لیا۔
الخليل میں صہیونی آباد کاروں کے جتھوں نے یطا قصبے کے جنوب میں واقع اشکارہ کے علاقے کے داخلی راستے پر ایک گیٹ نصب کر دیا، جو مقامی آبادی کو محصور کرنے کی ایک نئی اشتعال انگیز کوشش ہے۔
قابض اسرائیلی فوج نے الخليل کے جنوب میں واقع دورا قصبے پر دھاوا بول کر ایک شہری کو گرفتار کیا جبکہ درجنوں دیگر کو حراست میں لے کر ان کے ساتھ انتہائی سفاکیت کا مظاہرہ کیا اور فیلڈ انویسٹی گیشن کے نام پر انہیں اذیتیں دیں۔ قابض فوج نے دورا میں متعدد فوجی گاڑیاں بھیجیں اور گھروں میں گھس کر تباہی مچائی۔ اس دوران وکیل معتز ابو عرقوب کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ 21 سے زائد شہریوں کو کئی گھنٹوں تک یرغمال بنا کر فیلڈ انویسٹی گیشن سینٹرز میں تبدیل کیے گئے گھروں میں رکھا گیا۔ بعد ازاں دیگر افراد کو رہا کر دیا گیا مگر معتز ابو عرقوب کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ واپسی کے دوران قابض فوج نے شہریوں پر زہریلی گیس اور صوتی بموں کا بے دریغ استعمال کیا جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی دم گھٹنے سے بے ہوش ہو گئے۔
مغربی کنارے میں یہ چھاپے اور گرفتاریاں قابض دشمن کی اس منظم مہم کا حصہ ہیں جس کا مقصد فلسطینیوں کے دفاعی حوصلوں کو پست کرنا ہے، مگر فلسطینی عوام اپنے نصب العین پر ثابت قدم کھڑے ہیں۔
