بیروت – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) لبنانی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ 2 مارچ سے لبنان پر جاری قابض اسرائیل کی وحشیانہ جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والے مظلوموں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 2491 ہو گئی ہے۔
وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اسی مدت کے دوران صہیونی سفاکیت کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کی کل تعداد 7719 تک پہنچ چکی ہے۔
اس سے قبل وزارت نے تصدیق کی تھی کہ ملک کے جنوبی حصے میں واقع قصبے تولین پر قابض اسرائیل کے فضائی حملے میں دو افراد جام شہادت نوش کر گئے۔
علاوہ ازیں گذشتہ روز بروز جمعرات کی شام ایک اور فضائی حملے میں شوکین قصبے کی شاہراہ پر ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 3 افراد شہید ہو گئے، جبکہ دوسری جانب قابض اسرائیل کی فوج نے متعدد جنوبی قصبوں میں رہائشی عمارتوں کو دھماکوں سے اڑانے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
خون ریزی کے یہ واقعات لبنان میں جمعہ کی صبح سے سیز فائر کے نفاذ کے باوجود پیش آ رہے ہیں، جہاں مسلسل آٹھویں روز بھی قابض اسرائیل کی جانب سے معاہدے کی سنگین خلاف ورزیوں کے نتیجے میں جنوبی لبنان کے میدان جنگ میں کشیدگی برقرار ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 16 اپریل سنہ 2026ء کو لبنان اور قابض اسرائیل کے درمیان 10 روزہ جنگ بندی کا اعلان کیا تھا، تاہم قابض اسرائیل کی افواج کی جانب سے مسلسل اس امن معاہدے کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔
