غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) قوت رادع نے جنوبی غزہ کی پٹی میں خانیونس کے مشرقی علاقے میں واقع الخط الاصفر نامی مقام پر ان کٹھ پتلی گروہوں کی تین گاڑیوں (جیپوں) کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا ہے جنہیں انہوں نے غدار اور ایجنٹ قرار دیا ہے۔ یہ گروہ شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرتے ہوئے اور سگریٹ و رقوم کی تقسیم کی آڑ میں ایک تخریبی کارروائی انجام دینے کی کوشش کر رہے تھے۔
رادع کی جانب سے پیر کے روز جاری کردہ ایک بیان میں واضح کیا گیا کہ جیسے ہی مناسب موقع ملا ان گاڑیوں پر شدید فائرنگ کر دی گئی، جس کے دوران پہلی جیپ کو تانڈوم گولے سے براہ راست نشانہ بنایا گیا، جبکہ دوسری اور تیسری جیپ پر ہلکے اور درمیانے درجے کے ہتھیاروں سے آگ برسائی گئی۔ اس کارروائی کے نتیجے میں کٹھ پتلی عناصر ہلاک اور زخمی ہوئے جبکہ ان کی صفوں میں شدید افراتفری پھیل گئی جس کے باعث وہ ایک گاڑی چھوڑ کر فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ان کٹھ پتلیوں کو بچانے اور ان کے بحفاظت انخلا کو یقینی بنانے کے لیے قابض اسرائیل کے طیاروں نے مداخلت کی اور فائرنگ کی۔ قابض دشمن نے اپنی ناکامی کے نشانات مٹانے کے لیے اس جیپ کو خود میزائل سے نشانہ بنا کر تباہ کر دیا جسے ان کے ایجنٹ پیچھے چھوڑ گئے تھے۔ رادع نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ قابض اسرائیل ان ایجنٹوں کو تحفظ فراہم نہیں کر سکے گا اور رادع کے مجاہدین ان کی ہر نقل و حرکت پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
قوت رادع نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ انتہائی چوکسی اور ہوشیاری کا مظاہرہ کریں اور ایسے گروہوں کی کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دیں تاکہ داخلی محاذ کو ان ناسوروں سے پاک کیا جا سکے۔
