’’مزاحمتی کمیٹیوں‘‘ کے عسکری ونگ ناصر صلاح الدین بریگیڈ نے اعلان کیا ہے کہ شمالی غزہ میں بیت لاھیا کے شمال میں مرکز ابوسمرہ کے علاقے پر حملہ کرنے والے ایک اسرائیلی فوجی کو جہنم واصل کر دیا ہے۔ صہیونی فوج نے علاقے میں بڑے پیمانے پر غارت گری کی۔ بریگیڈ نے ذرائع ابلاغ کو دیے گئے اپنے ایک بیان میں کہا کہ خدا کے فضل سے ہمارے مجاہد اپنا مشن پورا کرنے کے بعد بحفاظت اپنے ٹھکانوں تک واپس پہنچ چکے ہیں۔ بریگیڈ کے بیان میں کہا گیا کہ یہ کارروائی غزہ کی پٹی اور پورے فلسطین پر جاری صہیونی فوج کی ظالمانہ کارروائیوں کے ردعمل میں کی گئی ہے۔ بریگیڈ نے کہا کہ اپنی ارضی مقدس کی حفاظت کے لیے ہمارے مجاہد اسی طرح ثابت قدمی سے اپنا مشن جاری رکھیں گے۔ ہمارا ایمان ہے کہ فلسطین کے مقبوضہ علاقوں کی مکمل آزادی کے لیے جہاد ہی واحد رستہ ہے۔ ’’مرکز اطلاعات فلسطین‘‘ کے نمائندے کے مطابق بیت لاھیا کے شمالی علاقے میں اسرائیلی فوج کی اس مذموم کارروائی میں صہیونی ٹینکوں کے ساتھ بہت سے بلڈوزروں نے بھی حصہ لیا، اسرائیلی فوج نے علاقے میں سیکڑوں میل تک دراندازی کی، اس دوران اسرائیلی طیارے فضا میں پروار کرتے رہے اور مختلف علاقوں پر فائرنگ کی جاتی رہی۔