مسئلہ فلسطین صرف مسلم امہ کا ہی نہیں بلکہ عالم انسانیت کا مسئلہ ہے ،پاکستان کی سیاسی و مذہبی قیادتیںاور سول سوسائٹی فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی اسرائیل مخالف اور آزادیئ فلسطین جدوجہد میں بھرپور ساتھ دیں۔ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ (ق)کے سیکریٹری جنرل اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سرپرست رہنما مشاہد حسین سید نے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے وفد نے PLFکے مرکزی ترجمان صابر کربلائی کے ہمراہ مشاہد حسین سید سے ملاقات کی جبکہ وفد میں فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان (اسلام آباد)کے محمد علی اور عاطف شبیر بھی شامل تھے۔
مشاہد حسین سید کا کہنا تھا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ مسئلہ فلسطین کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں اور سول سوسائٹی مل کر مشترکہ جد وجہد کریں اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کا بھرپور ساتھ دیں ۔اس موقع پر فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے وفد نے مشاہد حسین کو فاؤنڈیشن کی مرکزی سرپرست کونسل میںشمولیت اور رہنمائی کی باقاعدہ دعوت دی جس پر مشاہد حسین سید نے دعوت کو قبول کر لیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ فلسطین فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر قبلہ اول بیت المقدس اور فلسطین کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے ہر ممکنہ تعاون جاری رکھیں گے۔
واضح رہے کہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے وفد نے جمعیت علمائے پاکستان اسلام آباد کے مرکزی رہنما علامہ اعظم نورانی سے بھی ملاقات کی اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان میں شمولیت کی دعوت دی جبکہ دعوت کو قبول کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اس موقع پر علامہ اعظم نوارانی نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کاز کے لئے دل وجان سے آمادہ ہیں اور کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا ۔