عینی شاہدین کے مطابق اسرائیلی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس میں سکیورٹی انتظامات میں شدید اضافہ کر دیا ہے۔ القدس شہر کے بازار اور سڑکوں پر ہر طرف اسرائیلی فوجی اور پولیس اہلکاروں کی موجودگی سے شہر فوجی چھاؤنی کا منظر پیش کرنے لگا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق اسرائیلی حکام نے ان سکیورٹی اقدامات کے ضمن میں شہر بھر میں بالخصوص سڑکوں، کھلی شاہراوں اور اولڈ سٹی کی دیواروں سے ملحق سڑک پر اپنے سیکڑوں فوجی اہلکار تعینات کر دیے ہیں۔ اسرائیلی فوج اور پولیس کی گاڑیاں شہر کے ہر ہر گلی میں گشت کر رہی ہیں۔ خاص طور پر مقبوضہ بیت المقدس کے دروازے باب العامود کے سامنے مصرارہ کالونی کے بازار سے نکلنے والی شاہراہ پر صہیونی گاڑیوں کا ہجوم اکٹھا ہے۔ اسی طرح سلطان سلیمان سے باب ساھرہ کے سامنے صلاح الدین سٹریٹ تک اور باب الاسباط کے علاقے سے مسجد مبارک تک اسرائیلی فوجی اہلکاروں کی تعداد دیگر علاقوں کی نسبت زیادہ ہے۔ سیکڑوں اسرائیلی فوجی اور پولیس اہلکار مسجد اقصی تک جانے والے بازاروں اور سڑکوں پر پھیل گئے ہیں، مسجد اقصی کے دروازوں کے قریبی راستوں اور واد سٹریٹ سے گزرتے ہوئے فوج مسجد اقصی کے دروازے باب العامود پر جمع ہو چکی ہے۔ اس موقع پر اسرائیلی فوج کے اہلکاروں نے نماز پڑھنے کے لیے آنے والے متعدد نوجوانوں کو مسجد اقصی کے دروازے پر روکا اور ان کے شناختی کارڈ ضبط کر لیے، انہیں مسجد میں جانے کے لیے خصوصی کارڈ جاری کیے گئے جنہیں دکھا کر نماز کے بعد وہ اپنے شناختی کارڈ واپس وصول کر سکتے ہیں۔