انڈونیشیا کا پارلیمانی وفد اپنے مختصر دورے پر غزہ پہنچ گیا ہے۔ چار سال سے محصور 15لاکھ اہل غزہ کے حالات کا جائزہ لینے کیلئے اراکین پارلیمان پر مشتمل وفد رفح کراسنگ کے ذریعے غزہ داخل ہوا۔ غزہ داخل ہوتے وقت وفد کے اراکین کی خوشی دیدنی تھی۔ وفد کی سربراہی انڈونیشین پارلیمنٹ کے اسپیکر مرزوقی علی کر رہے تھے۔ اپنے طے شدہ شیڈول کے مطابق وفد 6گھنٹے غزہ رہے گا جس دوران وہ فلسطینی پارلیمنٹ میں ”اصلاح و تبدیلی بلاک”کے نمائندوں اور فلسطینی وزیراعظم سے بھی ملاقات کرے گا۔ ذرائع کے مطابق اس مختصر دورے میں وفد غزہ میں ایک ہسپتال کا سنگ بنیاد بھی رکھے گا اور 18ماہ قبل غزہ پر مسلط کی جانے والی جنگ کے دوران تباہ شدہ گھروں کا معائنہ بھی کرے گا۔ واضح رہے کہ 2007ء کی گرمیوں، جب صہیونی فوج نے غزہ کا محاصرہ کیا تھا، کے بعد پہلی مرتبہ اتنا بڑا پارلیمانی وفد غزہ آیا ہے۔