اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر احمدی نژاد اور ونئزوئیلا کے صدر ہوگو چاوزنے صیہونی حکومت کے حالیہ جرم کی مذمت کے اقدامات کی پیروی پرتاکید کرتےہوئے کہا ہےکہ غزہ کے عوام کو صیہونی محاصرےسے نجات دلاناضروری ہے۔صدر جناب احمدی نژاد نے آج ہوگو چاوزسے ٹیلیفون پرگفتگو میں غزہ امدادی کارواں پرصیہونی حکومت کے حملوں پرافسوس کا اظہار کرتےہوئے کہا کہ اب وقت آن پہنچاہےکہ تمام آزاد ضمیر قوموں اور حکومتوں کی ہماہنگي سے اس غیر قانونی حکومت کے جارحانہ اقدامات کا خاتمہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ امدادی کارواں پرصیہونی حکومت کےافسوس ناک اور المناک حملوں کی عالمی اداروں میں مذمت کرانے کی کوشش سنجیدگي سے جاری رہنا چاہیے اور مزید وسیع پیمانے پرغزہ کے لئے امدادی کارواں روانہ کرکے غزہ کے عوام کو محاصرے سےنکالنے کےلئے دباو ڈالنا چاہیے۔ اس گفتگومیں ونزوئیلا کے صدر ہوگو چاوزنے کہا کہ صیہونی حکومت کے خلاف سیاسی مواقف سے بڑھکر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے انہوں نے فلسطین میں صیہونی حکومت کے اقدامات کو نسل کشی سے تعبیر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ونزوئیلا اور لاطینی امریکہ کے دیگر ممالک صیہونی حکومت پرسیاسی دباو ڈالنےپرمتفق ہیں اور صیہونی حکومت کے خلاف بڑی تحریک شروع ہونا چاہیے۔