ترکی کی حکومت نے اسرائیل سے یورپ سے غزہ کے لیے امدادی سامان لے کر آنے والے بحری بیڑے “آزادی” کو روکنے یا اس پر حملے سے باز رہنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ترک حکومت نے اسرائیل کی طر ف سے غزہ کی پٹی پر مسلط گذشتہ چار سال سے جاری معاشی ناکہ بندی فوری طور پر اٹھانے کا بھی مطالبہ کیا۔ استنبول میں اقوام متحدہ کے دفتر کےدورے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ترک وزیرخارجہ احمد داؤد اوگلو نے کہا کہ وہ ہر صورت میں امدادی قافلے کو غزہ پہنچتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں، اس سلسلے میں اسرائیلی حکومت سے مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ امدادی سامان کی راہ میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ کی جائے۔ اوگلو کا کہنا تھا کہ غزہ کی معاشی ناکہ بندی کا تسلسل اسرائیل اورترکی کے درمیان کشیدگی میں اضافے کا باعث ہے، اسرائیل کو ایسے اقدامات سے گریز کرنا ہو گا جس سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات بہتری کے بجائے ابتری کی طرف بڑھیں۔ داؤد اوگلو نے کہا کہ دانشمندی کا تقاضا یہ ہے کہ غزہ کی جانب گامزن امدادی قافلے کی راہ نہ روکی جائے، اسرائیل کو اس سلسلے میں دانشمندی کا ثبوت دینا ہو گا۔