لاہور(مرکزاطلاعات فلسطین فاوؑنڈیشن)لاہور کی جامعہ بیت القرآن گلبرگ میں ’’حمایت طوفان الاقصی کانفرنس‘‘ منعقد ہوئی۔ کانفرنس کا اہتمام شیعہ علماء کونسل لاہور اور کل مسالک مشائخ بورڈ نے کیا۔ کانفرنس میں مختلف مسالک و مذاہب کے اکابرین نے شرکت کرتے ہوئے فلسطینیوں پر ہونیوالے مظالم کی مذمت کی۔ کانفرنس میں چئیرمین امام خمینی ٹرسٹ علامہ افتخار حسین نقوی، سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل پنجاب قاسم علی قاسمی، چیئرمین کل مسالک مشائخ بورڈ مفتی عاشق حسین، علامہ اصغرعارف چشتی، ہندو رہنما بھگت لال کھوکھر، چودھری صغیرعباس ورک، علامہ حافظ کاظم رضا نقوی، پیر اختر رسول قادری، بابا اسلم حیدری، قاری خالد محمود، علامہ پرویز اکبر ساقی، علامہ غلام فرید قادری، لال مہدی خان، علامہ زین نوری، حافظ شعیب اختر رضوی، علامہ غلام شبیر قادری، علامہ محمد حسین گولڑوی، پیر برہان الدین عثمانی، علامہ وقارالحسنین نقوی، پیر نوبہار شاہ اورعلامہ شبیر انجم سمیت دیگر نے شرکت کی۔
علما واکابرین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں ڈھائے جانیوالے مظالم انتہائی کربناک اور تکلیف دہ ہیں، سامراجی قوتوں کا چہرہ کھل کر سامنے آ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں ظلم پر اسلامی ممالک، او آئی سی، عرب لیگ اور انسانی حقوق تنظیموں کی خاموشی مجرمانہ عمل ہے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ کو مشترکہ لائحہ عمل اپنانا ہوگا، تبھی مسئلہ فلسطین حل ہوگا۔ علامہ افتخار حسین نقوی کا کہنا تھا کہ غزہ کے معاملے پر مسلم حکمرانوں کا رویہ افسوسناک ہے، معصوم بچوں کی شہادت پر بھی ان کے دل نرم نہیں ہوئے، مسلم حکمران اسی طرح خاموش رہے تو کل کو ایک ایک کرکے ان کو بھی صفحہ ہستی سے مٹا دیا جائے گا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ہم حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فلسطین کے معاملے پر واضح پالیسی اختیار کرے، مظلوموں کی مدد کیلئے امدادی سامان، کھانے پینے کی اشیاء، پانی اور کمبل فلسطین بھجوائے۔