الخلیل ۔ (مرکزاطلاعات فلسطین فاوؑنڈیشن )یہودی آبادکاروں کی مذہبی تقریبات کے پیش نظر قابض اسرائیلی حکام نے مسجد ابراہیمی کو مسلسل دوسرے روز بھی مسلمانوں کی عبادت کے لئے بند رکھا۔
صہیونی حکام نے سوموار کے روز الخلیل میں فلسطینی حکام کو عید العرش کی چھٹیوں کے دوران مسلمان عبادت گزاروں کے لیے مسجد ابراہیمی کو دو روز کے لیے بند کرنے کے ارادے سے آگاہ کیا تھا۔
فیصلے کے مطابق اسرائیلی فوج نے پوری مسجد، اس کے صحنوں، دلانوں سمیت تمام راہداریوں کو صہیونی آبادکاروں کے لیے کھولے رکھا جو تقریبات اور رسومات کی ادائیگی کے لیے بڑی تعداد میں کل سے مسجد میں داخل ہو رہے ہیں۔
آبادکاروں کے ابراہیمی مسجد میں داخلے اور مقامی نوجوانوں کے ساتھ جھڑپوں سے انہیں تحفظ فراہم کرنے کے لیے صہیونی فوجیوں نے گذشتہ روز باب الزاویہ کے علاقے اور الخلیل کے پرانے شہر کی مختلف سڑکوں کو بند کر دیا تھا۔
باب الزاویہ میں اسرائیلی فوجیوں کی فلسطینی نوجوانوں کے ساتھ جھڑپوں کے دوران متعدد فلسطینی زخمی ہو گئے۔