عمان – (مرکزاطلاعات فلسطین فاوؑنڈیشن) اردن کی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس نے گذشتہ روز ایک اسرائیلی کو گرفتار کیا ہے جس نے فلسطین اور اردن کی سرحد کے ذریعے مملکت میں دراندازی کی کوشش کی تھی اور اسے متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا تھا۔
ایک فوجی ذریعہ نے ایک بیان میں کہا کہ “جنوبی فوجی علاقے میں منگل کو دوسری طرف سے ایک اسرائیلی شہری کی اردن کی سرزمین میں غیر قانونی طور پر دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔”
ذرائع کے مطابق سرحدی محافظ دستوں نے اسرائیلی درانداز کو گرفتار کیا اور اسے مجاز حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ اردنی فوج سرحدوں کی حفاظت اور دراندازی یا اسمگلنگ کی کسی بھی کوشش کو روکنے کے لیے پرعزم ہے۔
جنوری 2020 میں اردن کی ایک عدالت نے مملکت میں دراندازی کی کوشش کرنے والے ایک اسرائیلی کو 4 ماہ قید اور تقریباً 1500 ڈالر جرمانے کی سزا سنائی تھی۔ اسے اپنی سزا پوری کرنے کے بعد رہا کر دیا گیا۔
وہ اسرائیلی جسے اردنی حکام نے اکتوبر 2019 میں گرفتار کیا تھا اسے مملکت میں غیر قانونی طور پر دراندازی کرنے اور منشیات رکھنے کا مجرم قرار دیا گیا تھا۔
اردن میں بغیر ہتھیار کے دراندازی کی سزا 3 ماہ سے ایک سال تک قید ہے، جب کہ منشیات رکھنے کی سزا 3 ماہ سے 3 سال تک اور اسمگلنگ کے لیے منشیات لانے پر 20 سال تک قید ہے۔ .
اردن مقبوضہ فلسطین کے ساتھ 3 سرحدی گذرگاہوں سے منسلک ہے “الشیخ حسین”، “کنگ حسین برج” اور “وادی عربہ”۔ تینوں گذرگاہیں قابض اسرائیل کے قبضے میں ہیں۔