اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] کے سیاسی بیورو کے رکن عزت الرشق نے کہا ہے کہ القدس بریگیڈز کے رہ نماؤں کے قتل اور عام شہریوں کو نشانہ بنانے کے بعد آپریشن ‘ریوینج آف فری پیپل’ [حریت پسندوں کا انتقام] قابض فوج کے جرائم کا ایک ضروری جواب ہے اور یہ آپریشن اب ضروری ہوچکا ہے۔
الرشق نے بدھ کو ایک پریس بیان میں زور دیا کہ بہادر مزاحمتی قوتیں آپس میں متحد ہیں۔ قابض ریاست کے جرائم کا جواب دینا اور یروشلم اور مقدسات کی حفاظت کرنا فلسطینی قوم کا فرض ہے۔ فلسطینی کے نوجوان اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے اپنا فرض ادا کررہےہیں۔
کل منگل کی صبح سے غزہ کی پٹی پراسرائیل کی طرف سے بمباری کا سلسلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں مزید چھ فلسطینی شہری شہید ہوگئے۔
وزارت صحت نے بتایا کہ کل صبح سے اب تک ہونے والی جارحیت میں مرنے والوں کی تعداد 21 ہو گئی ہے، جن میں 5 بچے اور 4 خواتین شامل ہیں۔ زخمیوں کی تعداد 64 ہو گئی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار نے اطلاع دی ہے کہ قابض فوج کے طیاروں نے کل دوپہر سے شام تک 50 سے زائد حملے کیے، جن میں سے بیشتر غزہ کی پٹی کے الگ الگ علاقوں میں زرعی زمینوں میں کیے گئے۔ ان حملوں میں متعدد شہری شہید اور زخمی ہوگئے۔