قابض صہیونی فوج نے غزہ کے جنوبی شہر”رفح” میں “دھینہ” کے مقام پر کھڑی فصلوں کو تباہ کرتے ہوئے ایک مسجد بھی شہید کر دی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کو مقامی ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق منگل کے روز ایک درجن سے زائد فوجی گاڑیوں اوربلڈروزروں کے ساتھ قابض فوج نے رفح کے مقام سے کئی سومیٹراندر دراندازی کی۔ اس دوران بلڈروزروں کے ذریعے کئی کھیتوں میں کھڑی فصلوں اور سبزیوں کو تباہ کرنے کے ساتھ ساتھ کئی کھیتوں کو اکھیڑ کرناقابل کاشت بنا دیا گیا۔
اس دوران قابض صہیونی فوج نے الدھینہ کے مقام پر ایک مسجد کو بھی مکمل طور پر شہید کردیا جس سے مسجد میں موجود قرآن کریم کے نسخے، دیگرکتابیں اور قیمتیں سامان ملبے تک دب گیا۔
ادھر رفح کے چئیرمین بلدیہ منصور البریک نے الجزیرہ ٹی وی کو انٹرویومیں بتایا کہ قابض فوج نے کئی فوجی گاڑیوں، ٹینکوں اور بلڈروزروں کے ہمراہ شہر میں داخل ہو کر کھیتوں کو تباہی کا نشانہ بنایا۔ اس دوران اسرائیلی حملوں میں متاثر ہونے والی ایک مسجد کو بھی مسمارکر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق مغربی کنارے کے شہرنابلس کےجنوب مشرق میں”البن” میں یہودی آباد کاروں نے ایک مسجد کو آگ لگا دی جس سے مسجد کا ایک حصہ جل کر شہید ہو گیا۔