اقراء یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر وسیم قاضی نے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین کو تعلیمی اداروں میں اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے وفد سے ملاقات کے دوران کے کیا۔ ان کاکہنا تھا کہ قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال نے قیام پاکستان سے قبل ہی بر صغیر کے مسلمانوں پر واضح کر دیا تھا کہ مسئلہ فلسطین ایک عالمگیر انسانی و اسلامی مسئلہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم بانیان پاکستان کے مشن کو جاری رکھیں اور آئندہ نسلوں تک قائد کے پیغام کو عام کریں۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے وفد نے ڈاکٹر وسیم قاضی کا شکریہ ادا کیا او ر ان کو بین الاقوامی فلسطین کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرتے ہوئے یقین دہانی کروائی کہ وہ کانفرنس میں شرکت کریں گے اور مظلوم فلسطینی عوام کے حق میں اپنی آواز بلند کریں گے۔ وفد میں ڈاکٹر صدف مصطفی اور ڈاکٹر صابر ابو مریم شریک تھے۔