مقبوضہ بیت المقدس (مرکز اطلاعات فلسطین فاونڈیشن ) مقبوضہ بیت المقدس کے شمال مشرق میں واقع کفر عقب قصبے میں آج صبح اسرائیلی خصوصی دستوں نے گھروں پر چھاپے کے دوران ایک فلسطینی نوجوان محمد الشہام کو گولی مار کر شہید کر دیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے بڑے پیمانے پر دراندازی کی۔ 21 سالہ محمد الشہام کو گھر پر چھاپے کے دوران سر میں گولی ماری گئی۔ قریب ایک گاڑی سے شہید کا رسیوں سے بندھا ہوا جسدِ اطہر ملا جو خوں میں لت پت تھا۔
نوجوان کے والد نے بتایا کہ اسرائیلی پولیس ان کے جواں سال بیٹے کو قتل کرنے کے ارادے سے گھر میں داخل ہوئی تھی۔
یاد رہے کہ مقبوضہ قدس میں اس ہفتے اتوار کی صبح ایک فلسطینی نوجوان کی جانب سے صیہونیوں پر حملے کا واقعہ پیش آیا، جس میں امیر صیداوی نامی ایک نوجوان نے صیہونی بس پر فائرنگ کر دی تھی۔
واقعے کے بعد صیہونی ایمرجنسی کے ادارے نے اعلان کیا ہے کہ اس واقعے میں کم از کم نو صیہونی زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے تین کی حالت نازک ہے۔