رام اللہ ۔ مرکز اطلاعات فلسطین
اسرائیلی جیل میں کینسر زدہ فلسسطینی قیدی کی حالت زیادہ خراب ہو گئی۔ 47 سالہ موسی صوفان کو ایک ماہ قبل کینسر ہونے کی تصدیق ہوئی تھی اور حالت زیادہ خراب ہونے کے باعث کیمیو تھراپی شروع کرنے کا کہا گیا تھا۔
فلسطینی قیدیوں کے لیے قائم کی گئی فلسطینی سوسائٹی کے ذرائع نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ موسی صوفان کے پھیپھڑے کینسر کا شکار ہو چکے ہیں۔ اس لیے فوری طور پر ان کے علاج کا آغاز ہونا لازمی ہے۔ لیکن اسرائیلی جیل انتظامیہ نے ابھی اس سلسلے میں کوئی پیش رفت نہیں کی ہے ۔ موسی صوفان اسرائیلی جیل میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔
پچھلے سال جب موسی صوفان کی صحت زیادہ گرنے لگی تب سے ان کے علاج کے لیے اسرائیلی جیل انتظامیہ کو خط لکھ لکھ کر متوجہ کیا جاتا رہا لیکن اسرائیلی انتظامیہ نے کبھی بھی معاملے کو سنجیدہ نہیں لیا۔ جس کے نتیجے میں ان کی حالت خراب تر ہوتی گئی۔ اسرائیلی جیلوں میں کینسر کے مریض قیدیوں کی تعداد 22 ہے۔ ان میں بعض کے ٹیومرز خطرناک سٹیج پر ہیں۔
واضح رہے فلسطینی مریضوں کے لیے قائم سوسائٹی پی پی ایس کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق اسرائیلی قابض اتھارٹی کی جیلوں میں فلسطنیوں قیدیوں میں سے چھ سو قیدی مختلف عوارض کی وجہ سے بیمار ہیں۔ جن میں سے دو سو مریض قیدی فلسطینی خواتین ہیں لیکن اس بارے میں اسرائیلی قابض اتھارٹی نے کبھی انسای حقوق کی پرواہ نہیں کی۔