قابض اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں ایک طرف فلسطینی قوم لہولہو ہے اور دوسری طرف فلسطینی اتھارٹی کے عہدیدار قابض صہیونی ریاست کےحکام کے ساتھ دوستی کی پینگیں بڑھا رہے ہیں۔
اسرائیل کے عبرانی اخبار’یدیعوت احرونوت‘ نے بتایا ہے کہ اسرائیلی وزیر دفاع بینی گینٹز کی پرنسپل سیکرٹری نے کل سوموار کے روز رام اللہ میں فلسطینی اتھارٹی کے عہدیدار حسین الشیخ سے ملاقات کی۔ اخبار نے اس ملاقات کو دو طرفہ رابطوں کو فروغ دینے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا۔
یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی جب حال ہی میں اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں تین فلسطینی شہید ہوگئے۔ شہدا میں ایک بچہ بھی شامل ہے جسے القدس میں بے دردی کے ساتھ قتل کردیا گیا۔
فلسطینی اتھارٹی کے عہدیدار حسین الشیخ اور اسرائیلی خاتون عہدیدار کے درمیان ملاقات پر فلسطینی حلقوں نے شدید مذمت کی ہے۔