کراچی(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات)فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام یوم یکجہتی فلسطین کی مناسبت سے اتوار کے روز یکجہتی فلسطین سائیکل ریلی کا انعقادنرسری شارع فیصل سے کراچی پریس کلب تک کیا گیا۔ سائیکل ریلی میں سیکڑوں نوجوانوں سمیت سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین اور سول سوسائٹی نمائندوں نے شرکت کی۔
شرکائے ریلی سےپاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی سیف الرحمان محسود، رکن سندھ اسمبلی بلال عبد الغفار، سابق رکن قومی اسمبلی فاروق ستار، سابق اراکین سندھ اسمبلی محفوظ یار خان، میجر (ر) قمر عباس،پی ٹی آئی رہنما اسرار عباسی، عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما یونس بونیری، جمعیت علماء اسلام (ف) کے مولانا عمر صادق، پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما پیر ازہر علی ہمدانی، آل پاکستان سنی تحریک کے چیئر مین مطلوب اعوان قادری، معروف سماجی رہنما بشیر سدوزئی اور فلسطین فائونڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم سمیت پروگرام کوآرڈی نیٹر قاسم رضا اور علوینہ شاہین اور سلمان خان نے شرکت کی۔
شرکائے یکجہتی فلسطین سائیکل ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کاکہنا تھا کہ فلسطین فلسطینیوں کا وطن ہے، اسرائیل غاصب صہیونیوں کی جعلی ریاست ہے ۔اسرائیل نامنظور اور مردہ باد ہے، فلسطین زندہ بادتھا ، ہے اور رہے گا۔ انہوںنے مزید کہا کہ وقت دور نہیں کہ جب قبلہ اول بیت المقدس آزاد ہو گا اور صہیونیوں کی غاصب اور جعلی ریاست اسرائیل کا وجود دنیا کے نقشہ سے مٹ جائے گا۔ رہنمائوں کاکہنا تھا کہ فلسطین کا زکی حمایت انسانیت کی حمایت ہےاور اسرائیل کا وجود اقوام متحدہ کے منہ پر ظمانچہ ہے۔
مقررین نے برطانوی حکومت کی جانب سے فلسطینیوں کی نمائندہ جماعت حماس کو دہشت گرد قرار دئیے جانے کے اعلان کی شدید الفاط میں مذمت کی اور حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ حماس کو پاکستان میں فلسطینیوں کی نمائندہ جماعت کے طور پر تسلیم کیا جائے۔ ان کاکہنا تھا کہ اسرائیل کے مظالم پر خاموش تماشائی نہیں بنے رہیںگے۔ شرکائے یکجہتی فلسطین سائیکل ریلی نے پاکستان اور فلسطین کے پرچم اٹھا رکھے تھے اور فلسطینیوں سے اپنی یکجہتی اور حمایت کا اعلان کر رہے تھے۔ ریلی کے شرکاء نے کراچی پریس کلب پہنچ کر فلسطین کے حق میں نعرے بازی اور امریکہ اور اسرائیل کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔