( فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) منامہ ۔ قابض اسرائیل کی فلسطینیوں کے خلاف وریاستی دہشت گردی مخالف ایک مظاہرے پر بحرینی پولیس نے طاقت کا استعمال کیا ہے جس کے نتیجے میں متعدد مظاہرین زخمی ہوگئے۔ بحرینی پولیس نے نہتے مظاہرین کے خلاف جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے طاقت کے استعمال سے مظاہرین کو منتشر کر دیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مظاہرین کی بڑی تعداد اسرائیل میں بحرینی سفارت خانہ کھولنے اور اسرائیل کو منامہ میں سفارت خانے کےقیام کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔
اس موقعے پر بحرینی پولیس نے جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مظاہرین پر آنسوگیس کی شیلنگ کی اور مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر فائرنگ اور لاٹھی چارج کیا۔
بحرینی پولیس نے متعدد پرامن مظاہرین پر تشدد کیا اور ان میں سے متعدد کو حراست میں لے لیا۔
خیال رہے کہ بحرین میں حکومت کی طرف سے اسرائیل کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کے خلاف اکثر احتجاجی مظاہرے ہوتے رہتے ہیں۔ بحرینی پولیس مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر طاقت کا استعمال کرتی ہے۔